بھارت میں ویلنٹائن ڈے پر گائے کو گلے لگانے کی تلقین
بھارت میں ماہی پروری، حیوانات اور ڈیری کی مرکزی وزارت کے تحت کام کرنے والے ادارے ‘انیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا’ نے ایک نوٹس جاری کرکے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ 14فروری کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر مغربی اثرات سے بچنے اور ملکی روایات کو اپنانے کے لیے گائے کو گلے لگائیں۔
14فروری کو "گائے کو گلے لگانے کا دن” منانے کی تلقین کرتے ہوئے بورڈ نے اپنے بیان میں کہا، ” گائے سے ہونے والے بے پناہ فائدوں کے مدنظر گائے کو گلے لگانا جذباتی تسکین کا سبب ہوگا اور اس سے اجتماعی مسرت میں اضافہ ہوگا۔”
بھارتی ثقافت اور معیشت میں گائے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بیان میں مزید کہا گیا ہے، "ہم سب جانتے ہیں کہ گائے بھارتی ثقافت اور دیہی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے، یہ ہماری زندگیوں کو برقرار رکھتی ہے، مویشیوں سے متعلقہ دولت اور حیاتیاتی تنوع کی نمائندگی کرتی ہے۔” اسی لیے ” گائے کو گلے لگانے کا دن” منانے کی ضرورت ہے کیوں کہ مغربی ثقافت’ ویدک (ہندو) روایات ‘ کے تقریباً معدوم ہونے کا سبب بن رہی ہے۔”
بھارت کے سرکاری ادارے کا خیال ہے کہ گائے سے محبت کرنے والے لوگ 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے کے بجائے "کاؤ ہگ ڈے” کے طور پر مناسکتے ہیں۔ اس سے زندگی مزید خوشگوار ہوگی اوراسے مثبت توانائی سے بھرپور بنایا جاسکے گا۔
اپیل کی نکتہ چینی
اس اعلان پر طنزیہ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور ایک حکومتی ادارے کی جانب سے اس طرح کی اپیل کی نکتہ چینی بھی کی جارہی ہے۔جب کہ بعض سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہندو قوم پرست جماعت کی حکومت کے اس اعلان سے انہیں کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے۔
حیوانات کے رویوں کا مطالعہ کرنے والے ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ گائے کو گلے لگانے کی کوشش ایسا کرنے والے شخص کے گلے بھی پڑ سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی گائے کو بہت زیادہ گلے لگایا جائے تو وہ جارحیت پر اتر سکتی ہے۔
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر انندیتا بھدرا کا کہنا تھا کہ "کسی جانور کو گلے لگانا کوئی خراب بات نہیں ہے۔ کتے انسان سے سب سے زیادہ قریب ہوتے ہیں وہ گلے لگانے پر پرسکون ہوتے ہیں لیکن گائے زیادہ گلے لگانے سے جارحانہ رویہ اختیار کرسکتی ہے۔”
انڈین سوشل سائنس ایسوسی ایشن سے وابستہ ابھینئے پرساد کا کہنا تھاکہ بورڈ کی یہ اپیل "حقیقی مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کی غیر ضروری کوشش ہے۔ "ان مسائل میں جانوروں کے بہود کے مسائل بھی شامل ہیں۔
پرساد نے کہا کہ چند ماہ قبل ہی ہم دیکھ چکے ہیں کہ لمپی وائرس کی وجہ سے ہزاروں گائیں کس طرح مرگئیں۔ کوئی ان کا پرسان حال نہیں تھا اور مردہ گائیں سڑکوں پر پڑی تھیں۔
ممبئی یونیورسٹی میں سماجیات کے پروفیسر ایم ٹی جوزف کا کہنا تھا کہ "گائے کو گلے لگانے کی اپیل دراصل سیاسی ہے۔ یہ اپیل قومی پرستی کو ایک نئے عینک سے دیکھنے اور یہ ویلنٹائن ڈے کو مغر ب سے برآمد کلچر قرار دینے اورمبینہ مغربی اثرات بھارتیوں کے ذہنوں سے نکالنے کی کوشش ہے۔
خیال رہے کہہ ہندومت میں گائے کو کافی اہمیت حاصل ہے۔ بیشتر ہندو گائے کو "ماتا” مانتے ہیں۔ بھارت میں گائے ایک سیاسی اور سماجی موضوع بھی ہے۔ حالیہ برسوں میں گائے کے نام پر درجنوں افراد ہجومی قتل (لنچنگ) کا شکار ہوچکے ہیں۔