بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی شہر میں واقع مکہ مسجد بھاجی مارکیٹ شانتی نگر میں ایک انوکھی پہل کرتے ہرئے بچوں میں دہنی شعور پیدا کرنے کی نئی تحریک کا آغاز کیا گیا ہے ۔ جس میں 7 سال سے 14 سال کے بچوں کے مابین دینی و اخلاقی تربیت کے لئے رمضان المبارک کے پورے مہینے میں پانچوں وقت کی نماز کی پابندی کا مسابقہ (کمپٹیشن) شروع کیا گیا ہے ۔ جس میں اب تک 151 بچوں نے حصہ لیا ہے جو انتہائی ذوق و شوق سے مختلف شرائط کا خیال کرتے ہوئے عدیم المثال نماز کی پابندی کا مظاہرہ کرکے روزانہ 25 نمبر کا مستحق ہو رہے ہیں ۔ نیز روزانہ ظہر اور عصر کی نماز کے بعد ان بچوں کے درمیان تربیتی بیان بھی ہوتا ہے جو کہ اصل مقصود ہے ۔یکم شوال یعنی چاند رات کو اول، دوم، سوم آنے والے بچوں کو قیمتی اور دیدہ زیب انعامات سے نوازا جائے گا اور دیگر بچوں کو بھی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات دیئے جائیں گے ان شاء اللہ ۔
دار العلوم دینیات کے استاذ و امام و خطیب مکہ مسجد شانتی نگر مولانا محمد مصور الاسلام ندوی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہماری اس پہل سے پورے ہندوستان میں تمام مساجد کے ذمہ داران اور ائمہ کرام ترغیب پاکر اپنی اپنی مساجد میں بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے لئے اس طرح کا قدم اٹھائیں گے ۔ اسی طرح مقامی کارپوریٹر ابو سفیان سلام شیخ نے اس عدیم المثال پابندی نماز کمپٹیشن کو دیکھ کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور کہا اگر یہ نظام تمام مسجدوں میں جاری ہو جائے تو ہمیں معاشرے کی اصلاح کا ایک خوش نما منظر دیکھنے کو ملےگا اور بچوں کے اندر خود اعتمادی بھی پیدا ہوگی اور ہم سب کو اپنے امام و خطیب مولانا مصور الاسلام ندوی صاحب کا شکرگزار ہونا چاہئے کہ انہوں نے ایک ایسی بنیاد رکھی ہے جو انتہائی مضبوط کے ساتھ ساتھ پورے ہندوستان میں یکتا اور منفرد ہے۔
مکہ مسجد کے ممبر مرزا قیصر بیگ نے کہا کہ 151 بچوں کا پرسکون انداز میں اس طرح نماز پڑھنا کہ چوں تک کی بھی آواز نہ آئے یہ اپنے آپ میں بے مثال ہے۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا صاحب دامت برکاتہم کو جب یہ خبر ملی تو بڑی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ کاش یہ انوکھا نظام پورے ہندوستان کی تمام مساجد میں جاری ہو جاتا۔ بیٹا تم محنت کرو اللہ تم سے اس سے بڑا کام لیگا ان شاء اللہ ۔