ریاض : سعودی عرب کی ایک عدالت نے بنگلہ دیش کی ایک خاتون ملازمہ کو قتل کرنے کے جرم میں ایک سعودی خاتون کو سزائے موت سنا دی ہے۔ ڈھاکا حکومت کے مطابق بنگلہ دیشی ملازمہ کو تشدد کرتے ہوئے دو سال قبل ہلاک کیا گیا تھا۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی خاتون کے خاوند اور بیٹے کو قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ان دونوں کو شواہد مٹانے اور بنگلہ دیشی ملازمہ کو طبی امداد فراہم نہ کرنے جیسے الزامات کا سامنا تھا۔ مجرم خاتون کے خاوند کو متاثرہ بنگلہ دیشی خاندان کو پچاس ہزار ریال ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں اکثر ایسے الزامات سامنے آتے رہتے ہیں کہ وہاں خانگی سطح پر غیرملکی ملازمین کا استحصال کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں