اپارٹمنٹ کے تمام 1058 مکینوں کا ٹسٹ کروایا گیا ، 400 فلیٹس مالکان کا قرنطینہ

بنگلورو: بنگلورو کے علاقہ بومن ہلی میں واقع ایس این این راج لیک ویو اپارٹمنٹ کورونا پازیٹیو کیسیس کا گڑھ بن گیا ہے، جہاں پر 103 افراد کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ بلدی کمشنر این منجو ناتھ پرساد نے آج کہا کہ اپارٹمنٹ کامپلکس کے تمام 1058 مکینوں کا ٹسٹ کروایا گیا ہے جن کے نتائج آنا باقی ہے، تاہم 103 افراد ٹسٹ پازیٹیو پائے گئے۔ ان میں سے 90 افراد ایسے مریض ہیں جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔ تاہم ان میں سے کئی معمولی بخار میں مبتلا ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ اس اپارٹمنٹ کے مکینوں پر مسلسل نظر رکھی گئی ہے تاہم ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اس اپارٹمنٹ میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجوہات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپارٹمنٹ کے کلب ہاؤز میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جہاں سے کورونا پھیل گیا۔ یہ تقریب ہی کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ بنی۔ انہوں نے اپارٹمنٹ کے مکینوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کی بڑی تقاریب منعقد کرنے سے گریز کریں۔ چھوٹی جگہ پر ہجوم کا جمع ہونا خطرے سے خالی نہیں ہے تاہم اپارٹمنٹ کے ایک مکین نے کہا کہ اس کا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ہے۔ یہاں پر یہ واحد تقریب منعقد نہیں ہوئی بلکہ یہاں سلسلہ وار تقاریب منعقد ہورہی ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں 4 تا 5 تقاریب ہوچکی ہیں۔ اسی وجہ سے یہ علاقہ کورونا کا گڑھ بن گیا ہے۔ بدقسمتی سے ہم لوگ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ بن گئے۔ اس واقعہ کے بعد اپارٹمنٹ کی کمیونٹی نے چوکسی اختیار کی اور ہر ایک کا ٹسٹ کروایا۔ تمام 400 فلیٹس میں رہنے والے افراد کو کورنٹائن (قرنطینہ) کردیا گیا ہے۔ ان تمام کو دو ہفتوں تک گھر میں ہی رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہیں فراہم کی جانے والی تمام سہولتیں بھی منقطع کی جارہی ہیں۔ جن لوگوں کے ٹسٹ نگیٹیو پائے گئے ہیں، انہیں فلیٹس سے باہر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں