کلکتہ ، 21 اپریل (یواین آئی) مغربی بنگال میں بڑے پیمانے پرانتخابی جلسے و جلوس کے درمیان کورونا وائرس اپنی تباہی ہر دن نیا ریکارڈ بنارہی ہے ۔دوسری جانب ریاستی کانگریس کے صدر ادھیررنجن چودھری کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14,500افراد کے نمونے ٹسٹ کیے گئے ہیں ، جن میں سے 10784 افراد مثبت پائے گئے ہیں۔

اس وبا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر 688956 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 614750 افراد صحت یاب ہوکر گھر لوٹ گئے ہیں ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5616 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ یہ تشویش کی بات ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 58 افراد کی موت ہوئی ہے ، جو اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔اس وقت ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 63498 فعال مریض باقی ہیں ، جو مارچ تک صرف تین ہزار تھے۔ یعنی اپریل میں صرف 20 دن میں 61000 افراد اس وبا کی گرفت میں آئےہیں جو خوفناک ہے۔ اب تک قریب ایک کروڑ افراد کے نمونوں کی تفتیش کی جاچکی ہے۔