بغداد میں امریکی سفارتخانہ کے قریب ڈرون مار گرایا گیا

بغداد: عراقی سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے پیر کو رات گئے بغداد میں امریکی سفارت خانے کے اوپر پرواز کرنے والے بغیر پائلٹ جاسوسی طیارے کو امریکی فوج نے مار گرایا۔ جاسوسی طیارہ بارودی مواد سے بھرا ہوا تھا۔ یہ کارروائی عراق کے مغربی علاقے میں ایک فوجی اڈے پر راکٹ حملے کے بعد سامنے آئی جہاں اطلاعات کے مطابق امریکی فوجی موجود تھے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے نامہ نگاروں نے دارلحکومت بغداد کی فضائی حدود میں پیر کی شب امریکی ائر ڈیفنس سسٹم کی جانب سے رات کو داغے جانے والے میزائل چلتے دیکھے۔ عراقی سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہی میزائلوں کی زد میں آ کر سفارتخانے پر پرواز کرنے والا ڈرون مار گرایا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے ’’العربیہ‘‘ اور ’’الحدث‘‘ نیوز چینلز کو بتایا کہ امریکی ایئر ڈیفنس نے ایک جاسوسی طیارہ مار گرایا جبکہ فنی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے دو جاسوسی طیاروں کو اتار لیا گیا جو بغداد میں امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ جاسوسی طیاروں کو گرین زون کے اندر اترنے پر مجبور کیا گیا۔عراقی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران بغداد کے گرین زون میں سائرن بجائے گئے۔امریکی انتظامیہ کا الزام ہے کہ تہران کی حمایت یافتہ ملیشیا عراق میں امریکی اڈوں اور بغداد کے گرین زون کو نشانہ بناتی رہتی ہے۔

Leave a comment