بعض کانگریسیوں کو ’بھارت ماتا کی جئے ‘ بولنے میں شرم
کارکردگی پوچھنے سے قبل چار دہوں کا پرفارمنس پیش کریں : امیت شاہ
کوکشی (ایم پی) ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج دعویٰ کیا کہ کانگریس قائدین کو ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ کہنے میں شرم آتی ہے۔ انتخابات والی ریاست مدھیہ پردیش کے کوکشی علاقہ میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے اپوزیشن پارٹی سے سوال بھی کیا کہ بی جے پی سے اس کی ساڑھے چار سالہ حکمرانی کی رپورٹ پوچھنے سے قبل وہ اپنی کارکردگی کی تفصیلات دے جب وہ برسراقتدار تھی۔ امیت شاہ نے دعویٰ کیا، ’’مجھے راجستھان کے ایک واقعہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے جہاں ایک کانگریس ورکر نے ’بھارت ماتا کی جئے‘ کا نعرہ بلند کرنا چاہا، لیکن اسے روک کر ’سونیا گاندھی کی جئے‘ کا نعرہ دینے کی ترغیب دی گئی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کانگریس لیڈر کیلئے کیا چیز زیادہ اہم ہے۔ ان کو بھارت ماتا کی جئے جیسے نعرے لگانے میں شرم آتی ہے۔ کانگریس قیادت کے خلاف اپنے حملے کو جاری رکھتے ہوئے امیت شاہ نے کہا، ’’راہول بابا (کانگریس سربراہ) ہم سے پوچھتے ہیں کہ ہماری ساڑھے چار سالہ حکمرانی کی رپورٹ دیں۔ وہ اور اُن کی فیملی ساڑھے چار نسلوں تک اقتدار پر رہے ہیں۔ پرفارمنس کے تعلق سے بات تو پہلے انھیں کرنا چاہئے‘‘۔ مدھیہ پردیش میں چناؤ کیلئے انتخابی مہم آج بروز پیر ختم ہورہی ہے اور ووٹنگ چہارشنبہ 28 نومبر کو ہوگی۔