اردھاپور:یکم جولائی( شیخ زبیر) ناندیڑ شہر سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اردھاپور شہر میں معمولی بات پر دو گروپس میں زبردست جھگڑا ہوگیا ہے جس کے بعد حالات بے قابو ہوگئے اور پولس کو ہوائی فائرنگ بھی کرنی پڑی۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے بازار علاقہ میں ناندیڑ روڈ کے پاس ایک جم میں کل رات دو نوجوانوں میں معمولی بات پر جھگڑا ہوگیا اور کچھ دیر بعد دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے اور حالاتِ خراب ہوکر شہر میں فساد برپا ہو گیا۔

کل رات نو بجے کے بعد شہر کے ہنومان مندر کے پاس سے فساد شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے فسادیوں نے موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی اور پولس وین کو بھی نشانہ بنایا۔

حالات بے قابو ہونے پر پی ایس آئی کپیل آگلاوے نے ہوائی فائرنگ کردی اور ربر کی گولی بھی فائر کی۔ پولس کے مطابق فسادیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور کچھ نوجوانوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی پرمود کمار شیوالے اپنی ٹیم کے ہمراہ ارھا پور پہنچ گئے۔آج یکم جولائی کو شہر میں اضطراب آمیز سکون ہے۔