ممبئی: 12اپریل۔ (ورق تازہ نیوز) این سی پی رہنما اور ریاست کے سماجی انصاف کے وزیر دھننجے منڈے کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دھننجے منڈے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔ اے این آئی نے اس حوالے سے خبر دی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دھننجے منڈے کو شام کے وقت سینے میں درد ہونے لگا۔ دھننجے منڈے کو ہلکے دل کا دورہ پڑنے پر بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔

دھننجے منڈے کی حالت اب مستحکم ہے اور اسپتال میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا مزید علاج چل رہا ہے۔ ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے نے دھننجے منڈے کی حالت معلوم کرنے کے لیے بریچ کینڈی اسپتال کا دورہ کیا تھا۔ ٹوپے نے دھننجے منڈے کے خاندان سے رابطہ کیا ہے۔دھننجے منڈے اور ڈاکٹروں سے ملاقات کے بعد وزیر صحت راجیش ٹوپے نے اس کی جانکاری دی۔ دھننجے منڈے کے ساتھ آدھے گھنٹے تک بات چیت کی۔ ڈاکٹر سمدھانی دھننجے منڈے کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کچھ رپورٹس جاری کی ہیں اور وہ نارمل ہیں۔ راجیش ٹوپے نے کہا کہ دھننجے منڈے کی حالت مستحکم ہے اور فکر کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ منڈے پربھنی میں تھے۔ اس کے بعد ان کا جنتا دربار تھا۔