باپ سے بیٹیوں کی محبت کا کوئی پیمانہ نہیں ہوتا اور یہ امریکی ریاست آرکنساس سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں نے ثابت کیا جنہوں نے باپ کے مرنے کے بعد انہیں شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو کے مطابق ان کے والد عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا سے چلے گئے تاہم جانے سے قبل انہوں نے ایک نوٹ لکھا۔

اینا ہارپ نامی صارف نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ ان کے والد کچھ ماہ قبل دنیا سے چلے گئے جب کہ انہوں نے اسپتال کے بیڈ پر بیٹیوں کیلئے نوٹ چھوڑا۔اس نوٹ میں لکھا تھا کہ ’یہ ایک شاندار زندگی رہی‘۔

دونوں بہنیں باپ کے پیغام سے اس قدر متاثر ہوئیں کہ انہوں نے اس آخری نوٹ کے الفاظ کا ہاتھ پر ٹیٹو بنوالیا۔

ویڈیو میں صارف کا کہنا تھا کہ زندگی ان کی مسکراہٹ اور مزاح کے بغیر بالکل ادھوری ہے، میں شکرگزار ہوں کہ یہ میرے والد تھے، وہ ہمیں ہمیشہ یاد آئیں گے۔

23 جون کو پوسٹ کردہ اس ویڈیو پر کئی صارفین نے تبصرے کیے اور اس بہترین طریقے سے خراجِ تحسین پیش کرنے پر دونوں بہنوں کو خوب داد دی۔