بالی ووڈ کی یہ مشہور گلوکارہ بھی کورونا سے متاثر، پارٹی میں100 شخصیات بھی موجود تھیں

بالی ووڈ کی مشہور سنگر کنیکا کپور کا کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد اترپردیش کی راجدھانی لکھنو میں افرا تفری مچ گئی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ لندن سے آنے کے بعد کنیکا کپور سابق ممبر پارلیمنٹ اکبر احمد ڈمپی کی ڈالی باغ میں واقع رہائش رہائش گاہ پر ایک ہائی پروفائل پارٹی میں شریک ہوئی تھیں ۔ اس پارٹی میں 100 سے زیادہ اہم شخصیات شامل ہوئی تھیں ، جس میں کئی بڑے سیاستداں ، نوکر شاہ اور جج بھی شامل تھے ۔

کنیکا کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد راجستھان کی سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے ۔ وہیں دشینت سنگھ نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا ہے ، جو ابھی منفی آیا ہے ۔ علاوہ ازیں جتن پرساد بھی آئسولیشن میں چلے گئے ہیں ۔ پارٹی میں شامل سبھی لوگوں کو بھی آئسولیشن میں رکھنے کی بات سامنے آرہی ہے ۔

وسندھرا راجے نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ کچھ دنوں پہلے دشینت اور ان کے سسرال والوں کے ساتھ میں لکھنو میں ایک ڈنر پر گئی تھی ۔ کنیکا کپور ، جو کہ کووڈ 19 متاثرہ پائی گئی ہیں ، وہ بھی اس ڈنر میں بطور مہمان موجود تھیں ۔ احتیاط کے طور پر میں اور دشینت سیلف آئسولیشن میں ہیں اور ہم سبھی ضروری ہدایات پر عمل کررہے ہیں ۔