بالوں کو گرنے سے بچانے کے لیے کیسے، کتنی بار دھونا چاہیے؟

354

پیارے قارئین، کیا آپ جانتے ہیں کہ اپنے بالوں کو ہفتے میں کتنی بار دھونا چاہیے؟عام طور پر ہمارے سر پر ایک دن میں 50 سے 100 کے درمیان بال جھڑتے ہیں اور ان کی جگہ نئے بال لے لیتے ہیں۔تاہم، بعض اوقات بالوں کا گرنا غیر معمولی ہوتا ہے اور تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔

بالوں کا گرنا شاذ ونادر ہی کسی سنگین مسئلے کی علامت ہوتا ہے، لیکن یہ کسی فرد کو نفسیاتی طور پر متاثر کر سکتا ہے۔ڈیلی ایکسپریس ویب سائٹ کے مطابق ماہر امراض جلد ڈاکٹر عامر خان کے مطابق آپ کے بالوں کی دیکھ بھال کا طریقہ بھی ان کے گرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ڈاکٹر خان نے کہا کہ "ہمارے سر پر تقریباً 100,000 بال ہیں اور ایک دن میں 50 سے 100 کے درمیان بال گرتے ہیں۔” مگر جب تک قدرتی نشو ونما ہوتی ہے ہم اس پر توجہ نہیں دیتے ہیں۔

لیکن کچھ لوگوں کے لیے بالوں کا گرنا واقعی تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔جن علامات پر توجہ دینا ضروری ہے ان میں بالوں کا کم ہونا، گنجا پن، خارش اور سوزش جیسے مسائل شامل ہیں۔بالوں کے گرنے کی بہت سی ممکنہ وجوہات ہیں، تاہم اس عمل میں ہارمونز کا کردار کافی اہم ہے۔بالوں کے گرنے کی وجہ اگر کوئی بڑا مسئلہ یا بیماری نہیں ہے تو ، آپ آسانی سے کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے بالوں کو بچا سکتے ہیں۔

اسی طرح بالوں کو دھونے کا طریقہ بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔آپ یہ دیکھیں کہ آپ اپنے بالوں کو کتنی بار دھوتے ہیں۔ بالوں کو دن میں ایک بار سے زیادہ نہیں دھونا چاہیے۔بالوں کو بار بار دھونے سے ان کا قدرتی حفاظتی تیل ختم ہو جاتا ہے۔ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ سر کے بالوں کو ہفتے میں دو یا تین بار سے زیادہ نہیں دھونا چاہیے۔اس سلسلے میں دوسری اہم بات بال دھونے کے لیے پانی کے درجہ حرارت کا خیال رکھنا چاہیے۔

بہت سے لوگ بالوں کو ٹھنڈے پانی سے دھونے کا مشورہ دیتے ہیں۔ تاہم، ڈاکٹر خان نے کہا کہ کسی بھی انتہائی درجہ حرارت کو نہ اپنائیں۔”آپ کو ایسے پانی سے بال دھونے سے اجتناب کرنا چاہیے جو بہت زیادہ گرم اور بہت ٹھنڈا ہو۔ دونوں ہی بالوں کے لیے نقصان دہ ہیں”اس کے علاوہ، بالوں کی دیکھ بھال، گیلے بالوں کو خشک کرنے، بالوں کی آرائش کے دوران بہت گرمی اور سخت کیمیکل استعمال کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔