نئی دہلی، 12 مئی (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی کے بالاکوٹ ایئر اسٹرائک کے بارے میں تازہ بیان سے تنازعہ کھڑ ا ہوگیا ہے اور اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے اس کی مذمت کی ہے اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلا ف ورزی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس کی شکایت کی ہے۔
خیال رہے کہ مسٹر مودی نے سنیچر کو ایک ٹیلی ویزن چینل کو دیئے انٹرویو میں کہا تھا کہ بالاکوٹ پر ایئراسٹرائک کی رات کو موسم اچانک خراب ہوگیا تھا اور ماہرین نے ایئر اسٹرائک ٹالنے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے (وزیراعظم) فضائیہ کو ایئر اسٹرائک کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں بادلوں اور بارش کا فائدہ اٹھاکر راڈار سے بچتے ہوئے کارروائی کرنی چاہئے۔
اہم اپوزیشن لیڈر کانگریس نے اس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مسٹرمودی پانچ برس تک جملے ہی پھینکتے رہے ہیں۔ پارٹی نے ٹوئٹ کیا کہ جملہ ہی پھینکتارہا پانچ برس کی حکومت میں، سوچا تھا کہ ’کلاوڈی‘ ہے موسم نہیں آوں گار اڈار میں۔
مسٹر یچوری نے چیف الیکشن کمشنرسنیل اروڑہ کو لکھے خط میں شکایت کی ہے کہ مسٹر مودی نے بالاکوٹ فضائی حملے کے بارے میں جو دعوے کئے ہیں اس سے ایک بار پھرانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ مسٹر مودی نے ایک ٹی وی چینل کو دیئے انٹرویو میں فضائی کارروائی کی تفصیلات دیکر رائے دہندگان کو تشہیر کے لئے ممنوعہ وقت کے دوران متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ انکا یہ بیان اور رویہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی سراسر اور جان بوجھ کر کی گئی خلاف ورزی ہے۔