بابری مسجد کی شہادت:مسلم نمائندہ کونسل ناندیڑ کا کلکٹرآفس کے روبرو احتجاجی دھرنا

135

ناندیڑ:6ڈسمبر(ورق تازہ نیوز)یوم شہادت بابری مسجد کے ضمن میں آج 6 ڈسمبرکومسلمانان ناندیڑ نے ہر سال کی طرح امسال بھی بند منایا اور کچھ تنظیموں کی جانب سے ضلع کلکٹر کے معرفت صدرجمہوریہ ہند کومیمورنڈم دیتے ہوئے بابری مسجد کی بازیابی اور بابری مسجد انہدام مقدمہ کے ملزمین کی باعزت رہائی پراسکی شدید مذمت کرتے ہوئے مسجد کی شہادت میں ملوث افراد کوسزا دینے کامطالبہ بھی کیاگیا۔

مسلم نمائندہ کونسل ناندیڑ کی جانب سے آج دوپہر بارہ بجے ضلع کلکٹر آفس کے روبرو احتجاجی دھرنا دیاگیا جس میں کونسل کے ذمہ داران ناصرخطیب ‘ ایڈوکیٹ نصیر فاروقی کے علاوہ دیگر عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ 30 سالوں سے ہر سال 6ڈسمبرکو بابری مسجد کے یوم شہادت کے موقع پر ناندیڑ کے ضلع کے مسلمان جذبہ ایمانی کیساتھ رضاکارانہ طور پربندمناتے ہیں ور اپنے کام کاروبار بند رکھتے ہیں۔

30 سال بعد بھی آج بھی شہرناندیڑ کے اہم مسلم تجارتی علاقوں کے کاروبار صدفیصد بند رہے ۔اور کچھ دوکانوں پرسیا ہ پرچم لہرائے گئے جو اس بات کاثبوت ہےکہ ہم لوگ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر بھی مناتے ہیں ۔کئی نوجوانوں نے سیاہ کپڑے پہنے تھے۔آج شہر کے اہم علاقو ں میں پولس کا خصوصی بندوبست رکھاگیاتھا ۔