نئی دہلی، 9مارچ (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے اترپردیش کے وارانسی میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) مشینوں کی ڈھلائی میں لاپرواہی برتنے کے الزامم یں ضلع کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ (اے ڈی ایم) این کے سنگھ کو معطل کردیا ہے۔وارانسی میں اے ڈی ایم کو ای وی ایم کی دیکھ بھال اور ڈھلائی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے سینئر ڈپٹی کمشنر چندر بھوشن کمار نے ایک پریس بات چیت میں بتایا کہ ای وی ایم مشینوں کی ڈھلائی سے متعلق طریقہ کار پر عمل نہ کرنے کے مدنظر اے ڈی ایم کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ای وی ایم مشینوں سے متعلق پھیلائی جارہی افواہیں غلط ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اترپردیش کے چیف الیکٹورل افسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ افواہ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مسٹر کمار نے کہاکہ جمعرات کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کی نگرانی کے لئے حکام بھیجے جارہے ہیں۔ میرٹھ کے لئے دہلی کے چیف الیکٹورل افسر اور وارانسی کے لئے بہار کے چیف الیکٹورل افسر کی تقرری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پوسٹل بیلٹ کی گنی صبح آٹھ بجے شروع ہوگی اور یہ مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔