دبئی : عالمی نمائش دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین میں دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک میں شامل سورہ رحمن کو بھی نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق عالمی نمائش میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا نسخہ پیش کیا جائے گا۔ نمائش میں ایوارڈ یافتہ آرٹسٹ اور یو اے ای میں مقیم پاکستانی شاہد رسام 1400 سالہ اسلامی تاریخ میں پہلی بار کینوس پر ایلومینیم اور سونے سے لکھے گئے قرآن پاک میں شامل سورہ رحمن پیش کریں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق شاہد رسام کا پراجکٹ 24 جنوری کو دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین کے باہر پیش کیا جائے گا۔خلیج ٹائمز کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں شاہد رسام کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کے نسخے کی نمائش نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی بلکہ اپنی نوعیت کی منفرد نمائش ہوگی، یہ اس حوالے سے زیادہ منفرد ہے کہ اس کے لفظ سیاہی سے لکھنے کے بجائے سونے سے تیار کیے گئے ہیں۔شاہد رسام نے بتایا کہ 1585 حروفوں، 352 کلمات، 78 آیات اور 3 رکوع پر مشتمل سورہ رحمن کو اعلیٰ معیار کے کینوس پر سونے اور ایلومینیم کے ساتھ تیارکیا گیا ہے، سورہ رحمن کی تیاری میں 15 کلو ایلومینیم اور ایک کیلوسونے کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس پراجکٹ کو 200 آرٹسٹ، پینٹرز ، خطاط، ڈیزائنرز اور سنگتراشوںکی مدد سے 4 ماہ میں تیار کیا گیا ہے۔شاہد رسام کے مطابق نمائش میں سورہ رحمن 6 صفحات پر پیش کی جائے گی، پہلے دو صفحات کے ہر صفحے پر 5 سطریں جبکہ باقی 4 صفحات پر 10،10سطریں اور مکمل سورہ میں 50 سطریں ہیں۔