بھارت میں دو سروں، تین ہاتھوں اور دو دل والے بچے کی پیدائش نے ڈاکٹرز کو حیران کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں ایسے بچے پیدا ہوئے ہیں جن کے دو سر، تین ہاتھ اور دو دل ایک ہی دھڑ میں موجود ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’مدھیا پردیش کے علاقے کورتلام کے اسپتال میں ایک ہی دھڑ میں پیدا ہونے والے دو بچے اب بھی اسپتال میں ہی ہیں اور ڈاکٹرز مسلسل ان کی صحت کی نگرانی کررہے ہیں۔ڈاکٹرز کے مطابق اس طرح سے بچوں کی پیدائش ہونے کو طبّی زبان میں ڈائی سیفیلک پیراپیگس کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایسے کیس میں ایک دھڑ میں اضافی سر یا عضو بن جاتے ہیں اور ایسے بچے عموماً مردہ پیدا ہوتے ہیں لیکن اب تک یہ بچے زندہ ہیں جوکہ ایک حیرت انگیز معجزہ ہے۔رپورٹ کے مطابق، ان بچوں کے والدین سہیل اور شاہین خان کو پہلے ہی اس واقعے سے آگاہ کردیا گیا تھا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان بچوں کے والدین کو بتایا تھا کہ رحم میں جڑواں بچے ہیں جن کہ چند ماہ بعد سر ایک ہی جسم میں منتقل ہوگئے اور پھر اس کیس میں سرجری کے ذریعے دو سر والے لڑکے کی پیدائش ہوئی، جس کا وزن پونے چار کلوگرام ہے۔اسپتال کی سینئر ڈاکٹر لاہوتی نے اس حالت میں ان بچوں کے زندہ ہونے کو ایک معجزہ قرار دیا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس وقت ڈاکٹرز نے ان بچوں کی کسی بھی قسم کی سرجری یا آپریشن کرنے سے انکار کردیا ہے۔