ایڈووکیٹ فرحین فاطمہ سپریم کورٹ میں پہلی خاتون ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کے امتحان میں کامیاب
نئی دہلی: اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خاں نے مس فرحین فاطمہ (کریلی، الٰہ آباد) کو سپریم کورٹ میں پہلی خاتون ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کے امتحان میں کامیاب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ یہ امر یقیناً قابل رشک ہے کہ اس دورِ پرفتن میں بھی ہماری بیٹیاں کامیابی کی طرف زندگی کے ہر میدان میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔
انہی میں ایڈووکیٹ مس فرحین فاطمہ کی کامیابی بھی شامل ہے۔ انہیں انڈین کونسل آف جیورسٹس آل انڈیا بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی گزشتہ دنوں اعزاز سے نوازا گیا۔
واضح ہو کہ ایڈووکیٹ مس فرحین آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے لیگل ونگ میں بطور اعزازی رکن ہیں اور وہ اپنی اعزازی خدمات کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر بھی قابل رشک ہے کہ ایڈووکیٹ مس فرحین کو اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے بانی کنوینر و سرپرست اعلیٰ بحر العلوم (عمر 103 سال) کی پوتی اور یو ڈی او کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر پرواز العلوم کی بھتیجی ہونے کا شرف بھی حاصل ہے۔