نئی دہلی،28اپریل.قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے)نے کیرالہ کے کاسرگوڑ اور پلکڑ میں آج دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے منسلک تین مشتبہ افراد کے گھروں میں چھاپے مارنے کی کارروائی کی جس میں فرار اسلامی مبلغ ذاکر نائک کی تقریروں کی سی ڈی اور کئی دیگر ڈیجیٹل آلات برآمد کئے گئے۔
این آئی اے کے مطابق آج صبح کاسرگوڑ میں دو اور پلکڑ میں ایک مشتبہ کے گھر میں چھاپے مارنے کی کارروائی کی گئی۔یہ کارروائی اسلامک اسٹیٹ کاسر گوڑماڈیول معاملے کے سلسلے میں کی گئی اور اس دوران موبائل فون،سم کارڈ،میموری کارڈ،پین ڈرائیو،عربی اور ملیالم میں لکھی نوٹ ڈائری اور ذاکر نائک کی تقریروں کی ڈی وی ڈی اور سی ڈی ملی۔اس کے علاوہ نائک اور سید قطب کی کچھ کتابیں بھی اس کارروائی میں ملیں۔ان سبھی چیزوں کی فارنسک جانچ کی جائےگی۔این آئی اے ان تینوں مشتبہ افراد سے تفصیلی پوچھ تاچھ کررہی ہے۔
این آئی اے کے مطابق مشتبہ کے اسلامک اسٹیٹ کے کاسرگوڑ ماڈیول کے ملزمین کے ساتھ تعلق کی بھی بات سامنے آئی ہے۔ان میں کچھ لوگ اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہونے کےلئے ملک سے فرار ہوگئے تھے۔ملک کی ایجنسیوں کو نائک کی منی لانڈرنگ،نفرت انگیز تقریر کرنے اور مختلف مذہبی طبقوں کے درمیان دشمنی اور اختلاف بڑھانے کے معاملوں میں تلاش ہے۔بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں سال 2016میں ایک کافی ہاؤس میں دھماکے کے بعد ان کے مشتبہ کردار کے پیش نظر ذاکر نائک ملک چھوڑ کرچلے گئے تھے۔ہندوستانی ایجنسیاں ان کی حوالگی کی کوشش کررہی ہیں۔حکومت نے ان کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر بھی پابندی لگا رکھی ہے۔