این آئی اے نے ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی کےپانچ کارکنان کو گرفتار کرلیا

253

نئی دہلی: این آئی اے نے پانچ لوگوں کو حوالہ کے کاروبار میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ پانچوں گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم پی ایف آئی سے بتایا جاتا ہے۔ این آئی اے نے اتوار کو اس گرفتاری کو لے کر ایک بیان جاری کیا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ بہار اور کرناٹک سے حوالہ کا کاروبار چلا رہے تھے اور ان کے تار بھی متحدہ عرب امارات سے جڑے ہوئے تھے۔ ان تمام گرفتار ملزمان پر پی ایف آئی کے لیے مبینہ طور پر رقم ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کا بھی الزام ہے۔

این آئی اے نے جن پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے، ان میں سے چار کا تعلق کرناٹک کے دکشینہ کنڑ ضلع سے ہے اور ایک کیرالا کے کاسرگوڈ سے ہے۔ ان ملزمان کی شناخت محمدسینان، سرفراز نواز، اقبال، عبدالرفیق اور عابد کے ایم کے نام سے ہوئی ہے۔ ان ملزمان کی گرفتاری کے بعد این آئی اے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب ہماری ٹیم نے پھلواری شریف کیس کی تحقیقات میں ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں چھان بین شروع کی تو معلوم ہوا کہ حوالا کا ایک بہت بڑا نیٹ ورک جنوب میں کام کر رہا ہے۔