نئی دہلی، 25 اپریل . قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے ممنوعہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے نیٹورک کو ملک میں بڑھانے کی سازش میں شامل مزید دو دہشت گردوں کو آج گرفتار کرلیا۔این آئی اے کے مطابق تنویر احمد غنی اور بلال میر نامی یہ دونوں دہشت گرد جموں وکشمیر کے پلوامہ ضلع کے رہنے والے ہیں اور انہیں جموں کی کوٹ بھالول جیل سے گرفتار کیا گیا ہے جہاں ان دونوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں رکھا گیا تھا۔ ان دونوں کو آج این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے انہیں پوچھ گچھ کے لئے تفتیشی ایجنسی کی سات دن کی حراست میں بھیج دیا۔
این آئی اے کی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ اس معاملے میں پہلے سے گرفتار ملزم سجاد احمد سوشل میڈیا کے ذریعہ ان دونوں کے رابطہ میں تھا۔ ان تمام پر جیش محمدکی ہندستان میں اپنا نیٹورک بڑھانے کی سازش میں مدد کرنے کا الزام ہے۔ انہیں ملک میں جیش محمد کے لئے بھرتی کرنے کی ذمہ داری بھی دی گئی تھی۔