ایم ایس سی کیمسٹری میں طالعہ پٹیل سلطانہ کو گولڈ میڈل

0 7

ناندیڑ۔ یکم جون ( ارشاد احمد بشارتؔ): ماسٹر آف سائنس کیمسٹری میں دو گولڈ میڈیل حاصل کرنے والی ہونہار طالبہ طالعہ پٹیل سلطانہ ولد پٹیل نسیم کو آج سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا۔ باحجاب طالبہ طالعہ اپنی شناخت کے ساتھ باوقار انداز میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اللہ کا شکر ادا کیا اور اپنے والدین و اساتذہ کی محنتوں کا اعتراف کیا۔ تفصیلات کے بموجب آج سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی ناندیڑ میں کونوکیشن پروگرام کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کی صدارت ریاست مہاراشٹر کے گورنر کوشیاری نے آن لائن رہ کر کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر دیگر منسٹرس بھی آن لائن ہی موجود رہے ۔

پروگرام کاآغاز صبح ٹھیک ۱۱؍ بجے ہوا ۔ یونیورسٹی کے ذمہ داران نے یونیورسٹی کے پروگرامس اور کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔ گورنر کوشیاری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کا کیا اور طلباء کی رہنمائی کی۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ و اسٹاف کی محنتوں کو سراہا اور مستقبل میں مزید ترقی کی امید کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بہت سے شعبہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے ۔ فیض العلوم جونیئر کالج کی موظف لیکچرر سعدیہ صدیقہ کی دختر طالعہ پٹیل سلطانہ نے ایم ایس سی کیمسٹری میں ۲؍ گولڈ میڈلس حاصل کرکے زبردست کامیابی حاصل کی ۔ یشونت کالج ناندیڑ کی طالبہ طالعہ پٹیل نے اپنے پرنسپل ڈاکٹر گنیش چندر شندے اور ہیڈ آف دی ڈپاٹمنٹ مہیش کلمکر کا شکریہ ادا کیا ۔

طالعہ ثناء اردو ہائی اسکول کی طالبہ ہیں اور پربھنی کی مشہور و معروف شخصیت سیکریٹری فیض العلوم ایجوکیشن سوسائٹی و مپٹا اردو شکشک سنگھٹنا کے مہاراشٹر صدر ڈاکٹر سمیع اللہ خان کی بہو ہیں۔ ان کی اس کامیابی پر ان کے خسر ڈاکٹر سمیع اللہ خان کے علاوہ صدر معلمہ فیض العلوم اردو پرائمری اسکول پربھنی انیس باجی، شوہر ثناء اللہ خان ،صفی اللہ خان، اکبر علی خان، رفعت اللہ خان، عبد الرحمن خان ( موظف نائب تحصیلدار)، نعیم پٹیل ، قاضی دستگیر و دیگر رشتہ داروں نے مبارکبا د پیش کی ہے ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر سمیع اللہ خان نے اپنی ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی آج حاصل کی اور یونیورسٹی میں خسر و بہو دونوں نے ایک ساتھ ڈگریاں حاصل کی۔