ایران کے سپریم لیڈرخامنہ ای صحت ’نازک‘ ہونے کی اطلاعات کے بعد عوام میں نمودار

197

ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ علی خامنہ ای نے ہفتے کے روز تہران میں ایک مذہبی تقریب میں شرکت کی ہے۔وہ اپنی صحت کی ’نازک‘صورت حال سے متعلق اطلاعات کے بعد پہلی بارعوامی سطح پرنمودار ہوئے ہیں۔

سپریم لیڈرکی ویب سائٹ نے ان کی چلتے ہوئے اور ہجوم کی طرف ہاتھ ہلاتے ہوئے تصاویر جاری کی ہیں۔

جمعہ کے روز بے نام ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے نیویارک ٹائمز نے خبر دی تھی کہ خامنہ ای کی گذشتہ ہفتے ’’شدید بیمار‘‘ہونے کے بعد سرجری کی گئی تھی۔

اخبارکی رپورٹ کے مطابق خامنہ ای نے ’’گذشتہ ہفتے پیٹ میں شدید درد اور تیز بخار میں مبتلا ہونے کے بعد آنتوں میں رکاوٹ کی وجہ سے سرجری کروائی تھی‘‘۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ خامنہ ای کی حالت گذشتہ ہفتے نازک سمجھی گئی تھی لیکن اس میں بہتری آئی ہے اور وہ فی الحال آرام کر رہے ہیں۔ایرانی حکام نے اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔