ایران کے جنوب مغربی شہرمیں دہشت گردوں کاحملہ؛ پانچ افراد ہلاک،15 زخمی
ایران کے جنوب مغرب میں واقع شہرایذہ میں بدھ کے روزمبیّنہ دہشت گردوں کے حملے میں پانچ افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا نے ایک نامعلوم عہدہ دار کے حوالے سے بتایا کہ دو موٹرسائیکل سواروں نے تیل کی دولت سے مالامال صوبہ خوزستان میں واقع شہرایذہ کی ایک مارکیٹ میں لوگوں پر فائرنگ کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے ارکان بھی شامل ہیں۔گذشتہ ماہ داعش نے ایران کے شہرشیرازمیں اہلِ تشیع کے ایک مقدس مزارپر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔اس میں 15افرادہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل آج ہی کارکنوں نے ایذہ میں حکومت مخالف مظاہروں کی ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
سماجی اور سیاسی کارکنوں کے گروپ ’تصویر 1500‘ کی جانب سے ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں مظاہرین ایذہ میں ‘آزادی، آزادی، آزادی’ کے نعرے لگارہے ہیں۔
اس کی شیئر کی گئی ایک اور ویڈیو میں مظاہرین کو ایذہ میں ایک مدرسے کو آگ لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔