ایرانی ہیکروں کا اسرائیلی فوج کے ڈیٹا کا سرقہ

0 19

مقبوضہ بیت المقدس ۔ ایران کے ہیکروں کے ایک گروپ عصائے موسوی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سائبر حملہ کرکے اسرائیلی فوج کا ڈیٹا چوری کرلیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج میں اس سائبر حملے پر کھلبلی مچ گئی۔ ایرانی ہیکروں کے گروہ نے فوجی سروسز کے اسکول کے سیکڑوں فوجیوں اور طلبہ کے بارے میں معلومات اور تفصیلات پر مشتمل فائلیں ، اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹنر کی ذاتی تصاویر شائع کردیں۔ اس گروپ نے حال ہی میں ڈیٹا بیس کے لیکس کا ایک سلسلہ شائع کیا ہے ، جس میں نجی اسرائیلی کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کمپیوٹروں کا ڈیٹا موجود ہے۔ اسرائیلی جائزوں سے پتاچلتا ہے کہ یہ گروپ ایرانی ہے اور اس کا مقصد اسرائیل کو تباہ کرنا ہے۔ اسرائیلی فوج کے افسران کے ڈیٹا کی چوری کو یہ دوسرا واقعہ ہے،جو اسرائیلی انٹیلی جنس کی واضح ناکامی کا ثبوت ہے۔ ڈارک نیٹ اور ٹیلی گرام پر فائلیں ہیک کرکے شائع کی گئی ہیں، جن میں الفون جنگی بٹالین، اس کے مقامات اور اس کی تربیت کے شیڈول کی تفصیلات موجود ہیں۔ ہیکروں نے جنگی یونٹوں میں شامل ہونے کے لیے نامزد فوجیوں کے نام اور سیکڑوں اہل کاروں کے نام اور پتے، ان کی رہائش گاہوں، ان کے سیل فون اور ای میل اکاؤنٹ کے علاوہ ذاتی تفصیلات بھی شائع کیں۔