اہم خبر: لندن میں خالصتان حامیوں نے ترنگا پرچم اُتاردیا، بھارتی حکومت نے برطانوی سفارت کار کو طلب کرلیا

317

نئی دہلی: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں اتوار کو خالصتان کے حامیوں نے بھارتی ہائی کمیشن پر   ترنگا اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا۔ کہا گیا کہ یہ حرکت پنجاب میں امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے کیے گئے اقدامات کے خلاف کی گئی۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ دہلی میں برطانیہ کے سب سے سینئر سفارت کار کو طلب کر رہی ہے۔ ہندوستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر نے ٹویٹ کرکے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔

وزارت خارجہ نے برطانوی سفارت کار سے انتہائی سخت زبان میں جواب طلب کیا ہے۔ ان سے پوچھا گیا ہے کہ وہاں برطانوی سیکورٹی کیوں نہیں تھی؟ ویانا کنونشن کے مطابق سکیورٹی برطانیہ کی ذمہ داری ہے۔ اس قسم کی غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں۔ توقع ہے کہ برطانیہ کی حکومت ملزمان کی فوری طور پر شناخت کرکے انہیں گرفتار کرے گی اور دیگر قانونی کارروائی کرے گی، جو آج کے واقعے میں ملوث تھے۔ اور ایسا انتظام کیا جائے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔

لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے خلاف علیحدگی پسند اور انتہا پسند عناصر کی طرف سے کی گئی کارروائی کے خلاف ہندوستان کے شدید احتجاج کا اظہار کرنے کے لیے نئی دہلی میں تعینات برطانیہ کے سب سے سینئر سفارت کار کو اتوار کی شام دیر گئے طلب کیا گیا۔