اہم خبریں: بی جے پی سے الگ ہوا ہوں، ہندوتوا سے نہیں… ادھو ٹھاکرے

0 7

ادھو ٹھاکرے ایودھیا پہنچے، کہا ’بی جے پی سے الگ ہوا ہوں، ہندوتوا سے نہیں‘

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے آج رام للا کا درشن کرنے کے لیے ایودھیا پہنچے۔ اس موقع پر انھوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں بی جے پی سے الگ ہوا ہوں، ہندوتوا سے نہیں۔ بی جے پی کا مطلب ہندوتوا نہیں ہے۔ ہندوتوا الگ ہے، بی جے پی الگ ہے۔‘‘ اس موقع پر ادھو ٹھاکرے نے یہ بھی کہا کہ وہ رام مندر تعمیر کے لیے ایک کروڑ روپے کا عطیہ کریں گے اور یہ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے نہیں بلکہ ان کے ٹرسٹ کی جانب سے دیا جائے گا۔


’گاندھی سندیش یاترا‘ کا آغاز کانگریس 12 مارچ کو احمد آباد سے کرے گی

12 مارچ کو احمد آباد سے کانگریس کے ذریعہ ’گاندھی سندیش یاترا‘ کا آغاز کیا جائے گا۔ اس دن پارٹی کا 90واں یوم تاسیس ہے۔ ’گاندھی سندیش یاترا‘ کے دوران پدیاترا میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی، راہل گاندھی سمیت کانگریس حکمراں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہوں گے۔


ممبئی: یَس بینک کے سابق سی ای او رانا کپور ای ڈی دفتر پہنچے، ہوگی پوچھ تاچھ

یَس بینک کے سابق چیف ایگزیکٹیو افسر رانا کپور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) دفتر پہنچ گئے ہیں۔ ای ڈی دفتر میں افسران ان سے کچھ اہم معاملوں میں پوچھ تاچھ کریں گے۔


دہلی تشدد: دلبر نیگی قتل معاملہ میں دہلی پولس نے شاہنواز نامی شخص کو کیا گرفتار

دہلی تشدد معاملہ میں دہلی پولس نے آج شاہنواز نامی ایک شخص کو گرفتار کیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس پر دلبر نیگی کے قتل کا الزام ہے اور گرفتار کر کے اس سے ضروری پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ دراصل دلبر نیگی ایک ہوٹل میں ویٹر کا کام کرتا تھا اور 26 فروری کو انل سوئٹ ہاؤس برج پوری میں اس کی لاش ملی تھی۔ دہلی پولس کی کرائم برانچ اس کی جانچ کر رہی تھی اور ایسا الزام لگایا جا رہا ہے کہ اس قتل میں شاہنواز کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔


مدھیہ پردیش: بی جے پی رکن اسمبلی کے ریسورٹ پر چلا بلڈوزر

مدھیہ پردیش میں اراضی تجاوزات کا نوٹس دیے جانے کے بعد بی جے پی رکن اسمبلی سنجے پاٹھک کے باندھو گڑھ واقع ریسورٹ کو آج انتظامیہ نے منہدم کر دیا۔ سنجے پاٹھک کا کہنا ہے کہ حکومت کا یہ قدم بدلے کے جذبہ سے متاثر ہے۔


دہلی تشدد: شاہ رخ کے ذریعہ فائرنگ کے لیے استعمال پستول اس کے گھر سے برآمد

شمال مشرقی دہلی میں ہوئے تشدد کے معاملے میں پولس نے گولی چلانے والے شخص شاہ رخ کی پستول برآمد کر لی ہے۔ شاہ رخ نے تشدد کے دوران موج پور میں گولی چلائی تھی۔ دہلی پولس کرائم برانچ نے آج اس کی پستول اس کے گھر سے برآمد کی۔ پولس نے پستول کے ساتھ 3 کارتوس بھی برآمد کیے ہیں۔


بی جے پی لیڈر جیہ پردا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری، اگلی سماعت 20 اپریل کو

بی جے پی لیڈر اور فلم اداکارہ جیہ پردا پر قانونی شکنجہ کستا ہوا نظر آ رہا ہے۔ 2019 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے ایک معاملے میں عدالت نے ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 20 اپریل کو ہوگی۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو