عامر خان کی دوسری شادی بھی ٹوٹ گئی ہے اور انہوں نے اپنی بیوی کرن راؤ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق عامر خان اور ان کی بیوی کرن راؤ نے شادی کے 15 سال بعد آپسی مفاہمت سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جوڑے نے ایک مشترکہ بیان میں کہا، ’’ان 15 سالوں میں ہم نے پوری زندگی اور خوشی کے تجربات کا اشتراک کیا اور ہمارے تعلقات اعتماد، محبت اور احترام پر مبنی تھے۔ اب ہم زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، جس میں ہم میاں بیوی کی طرح نہیں رہیں گے بلکہ شریک والدین اور
ایک کنبہ کی طرح رہیں گے۔‘‘

بی بی سی ہندی کے مطابق اس سلسلے میں دونوں نے مشترکہ بیان بھی جاری کیا ہے۔ اس بیان کو فلم ناقد ترن آدرش نے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔

عامر خان اور کرن راؤ دونوں نے 15 سال قبل شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا ہے۔

عامر اور کرن نے ایک بیان میں کہا کہ ’ان 15 خوبصورت سالوں میں ایک ساتھ ، ہم نے زندگی بھر کے تجربات ، مسرت اور ہنسی کو شیئر کیا ہے، اور ہمارا رشتہ اعتماد، احترام اور محبت کے طور پر پروان چڑھا ہے۔ اب ہم ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں۔ ہم اپنی زندگی شوہر اور بیوی کی حیثیت سے نہیں، بلکہ بچے کے والدین اور ایک خاندان کے طور پر شروع کرنا چاہیں گے۔‘

عامر اور کرن کا کہنا ہے کہ ان دونوں نے ایک دوسرے سے الگ ہونا کچھ عرصے پہلے ہی شروع کر دیا تھا اور اس کی منصوبہ بندی کی تھی اور اب اس کو باضابطہ طور پر کرنا آسان ہو گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اب الگ رہیں گے لیکن ایک خاندان کی مانند زندگی شئیر بھی کریں گے۔

‘ہم اپنے بیٹے آزاد کے والدین رہیں گے جس کی ہم مل کر پرورش کریں گے۔‘

کرن اور عامر نے مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ پانی فاؤنڈیشن اور فلموں سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام کرتے رہیں گے۔

دونوں نے اپنے خیر خواہوں کے نام پیغام میں کہا کہ وہ ان کی نیک خواہشات کے منتظر ہیں اور انھوں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

عامر خان اور کرن راؤ نے فلم لگان کے سیٹ پر ملاقات کی تھی۔ کرن اس فلم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

28 دسمبر 2005 کو دونوں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور 2011 میں دونوں کے ہاں سیروگیسی کے ذریعے ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام آزاد راؤ ہے۔

عامر خان کی اس سے پہلے بھی طلاق ہو چکی ہے۔

عامر خان کی پہلی اہلیہ رینا دتہ تھیں۔ شادی کے 16 سال بعد سنہ 2002 میں دونوں میں طلاق ہوئی تھی اور ان سے عامر کی ایک بیٹی ایرا اور ایک بیٹا جنید ہے۔

عامر خان اور کرن راؤ میں طلاق پر سوشل میڈیا پر ردِعمل:

سوشل میڈیا پر عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق پر ملاجلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے اور جبکہ کچھ افراد عجیب و غریب قیاس آرائیاں بھی کر رہے ہیں۔

تاہم کچھ افراد کا ماننا ہے طلاق، عامر اور کرن کا ذاتی فیصلہ ہے، لہذا اس فیصلے کا احترام کرتے ہوئے تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔

،تصویر کا ذریعہ@TASNEEM_SHAIKH1

تسنیم شیخ کا کہنا ہے کہ ’کوئی بھی طلاق کی امید کے ساتھ شادی نہیں کرتا۔ لیکن اگر کسی جوڑے نے اپنا الگ راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ ان کی کوئی نہ کوئی وجوہات ہوں گی۔‘

انھوں نے یہ بھی لکھا کہ زندگی گزارنے کے حوالے سے لوگوں کے فیصلوں کا احترام کریں۔

،تصویر کا ذریعہ@SIMBA318

ایلکس نامی صارف نے لکھا کہ ان کی طلاق کو لے کر تبصرے بہت ہی ناگوار ہیں لیکن اگر ایک جوڑا ساتھ خوش نہیں ہے اور اس حوالے سے دیکھا جائے تو عامر اور کرن نے بہترین فیصلہ کیا۔۔

کچھ افراد والدین کی طلاق کے بچوں پر اثرات کے متعلق بھی بات کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہ@DI8VIJAY

دگوجے پرمار نے لکھا کہ ’بالی ووڈ میں یہ ٹرینڈ بنتا جارہا ہے! ’ہر کوئی عامر اور کرن کے بارے میں بات کر رہا ہے لیکن وہ (عامر اور کرن) اپنے بچوں کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔۔ ایک افسوسناک حقیقت!‘

انھوں نے لکھا ’یہ مذہب کے بارے میں نہیں ہے اور نہ ہی ’میری زندگی میرے اصولوں‘ کے بارے میں ہے، اس چیز سے آج کی نسل اور بچوں کی ذہنیت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔‘