اہم خبر:پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظرآگیا، سعودی عرب کے ساتھ آج پہلا روزہ
پاکستان کی مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند نظرآ گیا ہے اورجمعرات کو پہلا روزہ ہے۔اس بات کا اعلان مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد نے بدھ کی رات پشاور میں پریس کانفرنس میں کیا ہے۔رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس پشاور کی مرکزی عیدگاہ میں ہوا۔زونل اور ضلعی رؤیت ہلال کمیٹیوں کے الگ الگ اجلاس بھی صوبائی دارالحکومتوں اور ضلعی صدرمقامات میں منعقد ہوئے ہیں۔دریں اثنا ہندوستان ٹائمز نے خبردی ہے کہ ہمسایہ ملک بھارت میں چاند نظرنہیں آیا ہے لہٰذا ماہِ صیام جمعہ سے شروع ہوگا۔
سعودی عرب میں منگل کی شام رمضان المبارک کا چاند نظرنہیں آیا تھا اوراس نے بدھ کو تیس شعبان کے بعد جمعرات کو ماہ صیام کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ہمسایہ ممالک قطر اور متحدہ عرب امارات نے بھی جمعرات کورمضان المبارک کا پہلا دن قرار دیا تھا۔رمضان المبارک دنیا بھرمیں ایک ارب 80 کروڑ سے زیادہ مسلمان مناتے ہیں،اسے روزے اور روحانیت کا مہینہ سمجھا جاتا ہے۔یہ مسلمانوں کے لیے نیکیوں کا موسم بہار کہلاتاہے۔مسلمان چاند دیکھ کر اپنے قمری مہینے کا آغاز کرتے ہیں۔قمری کیلنڈر 12 ماہ اور 354 یا 355 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔اسلامی ممالک میں جغرافیائی محل وقوع کی بنا پر نئے چاند کی رؤیت میں ایک آدھ دن کا فرق ہوتا ہے۔
ماہ صیام میں اللہ نے اپنی آخری کتاب قرآن مجید آخری پیغمبرحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کی تحی۔رمضان کا روزہ اسلام کے پانچ ستونوں میں تیسرے نمبر پرہے اور تمام صحت مند مسلمانوں پر اس کا اہتمام کرنالازم ہے۔ تاہم، چھوٹے بچّوں، بیمار افراد، مسافروں اور حاملہ خواتین، دودھ پلانے یا حیض والی خواتین کو استثنا حاصل ہے۔اس مقدس مہینے میں روزہ دارعلی الصباح سے غروب آفتاب تک کھانے،پینے کے علاوہ بعض جائزامورسے گریزکرتے ہیں اور روایتی طور پر شام کو روزہ افطار کرنے کے لیے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ جمع ہوتے ہیں۔اس مقدس مہینے میں روزہ کشائی کے لیے مساجد اورعام عوامی مقامات پربھی اجتماعی افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
مسلمان اس ماہ میں بدنی اور مالی عبادات کا خوب اہتمام کرتے ہیں۔وہ دن میں روزہ رکھتے اور راتوں کو نمازتراویح کا اہتمام کرتے ہیں۔ مستحقین کو صدقہ، زکوٰۃ خیرات کرتے ہیں اوراختتام رمضان پر پسماندہ طبقات کو عیدکی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے صدقہ فطر دیتے ہیں۔