لکھنئو 20 جولائی (یواین آی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے منگل کو میدانتا اسپتال پہنچ کر پارٹی کے قدآورلیڈر رام پورکے رکن پارلیمنٹ محمد اعظم خان کی عیادت کی۔مسٹرخان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں سیتاپور جیل سے پیر کو لکھنئو کے میدانتا اسپتال لایا گیا تھا۔

پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں حصہ لینے گئے ایس پی کے صدر آج لکھنئو ایئرپورٹ پہنچتے ہی سیدھے میدانتاہاسپٹل گئے اوراسپتال میں داخل اعظم خان کی عیادت کی۔ ان کے ساتھ قومی سکریٹری راجیندرچودھری بھی تھے۔مسٹریادو نے ڈاکٹروں سے محمد اعظم خاں صاحب کے بہتراورجلد علاج کے تناظرمیں مشورہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے محمد اعظم خان کے ساتھ سنگین ناانصافی کی ہے اوران کے صحت کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔

ایس پی کوعدالت پر مکمل اعتماد ہے اورایس پی کے بزرگ لیڈر کے لئے عدالت سے انصاف کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مینڈیٹ کی توہین کررہی ہے۔ فون کی جاسوسی کرواکر لوگوں کی ذاتی باتوں کو سننا’رازداری کے حق‘ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اگر یہ کام بی جے پی کروارہی ہے تو یہ قابل سزاہے اوراگر بی جے پی حکومت یہ کہتی ہے کہ اسے اس کی معلومات نہیں ہے تو یہ قومی سلامتی پر ان کی ناکامی ہے۔ فون جاسوسی ایک جمہوری جرم ہے۔