اڈانی گروپ میں ایل آئی سی کی سرمایہ کاری سے 39 کروڑ ایل آئی سی ہولڈرس و سرمایہ کاروں کو 44 ہزار کروڑ کا نقصان ہوا‘

330

نئی دہلی:پارلیمنٹ میں صنعت کار گوتم اڈانی سے متعلق راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جو سوالات اٹھائے، ان کا جواب پی ایم مودی نے کیوں نہیں دیا؟‘‘ یہ سوال آج دہلی پریس کانگریس کمیٹی کے کمیونکیشن محکہ کے چیئرمین اور سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پوچھا۔ ساتھ ہی انھوں نے اڈانی معاملے پر جانچ کے لیے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی یعنی جے پی سی تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

انل بھاردواج نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجدھانی دہلی کے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ ایک صنعتی گروپ، جس پر ٹیکس ہیون ممالک سے آپریٹ غیر ملکی شیل کمپنیوں سے رشتہ رکھنے کا الزام ہے، کے خلاف سرکاری ایجنسیاں کیوں کارروائی نہیں کر رہی ہیں۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ پارٹی کسی شخص کے دنیا کے امیروں کی فہرست میں 609ویں مقام سے دوسرے مقام پر پہنچنے کے خلاف نہیں ہے، لیکن ہم حکومت کے ذریعہ اسپانسر نجی بالادستیوں کے خلاف ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ یہ عوام کے مفادات کے خلاف ہوتے ہیں۔ ایک صنعتی گروپ کو خصوصیت کے ساتھ اصولوں کے خلاف معاشی فائدہ پہنچایا گیا جو مناسب نہیں ہے۔