اپوزیشن لیڈر اشرف پٹھان نے شب برات کے پیش نظر ممبرا کے تینوں قبرستانوں کا دورہ کیا
صفائی پر خصوصی توجہ دی گئی
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن کے نو منتخب اپوزیشن لیڈر اشرف (شانو) پٹھان اپنی تقرری کے بعد سے اپنے منفرد انداز میں کام کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں انہوں نے شب برات کے پیش نظر ممبرا کوسہ کے تینوں قبرستانوں کا دورہ کر یہاں صبح نماز فجر کے بعد سے ہی صفائی کا کام شروع کرایا قبرستان صفائی مہم میں انھوں نے صفائی کے25 ملازمین ،2 ڈمپر، 6 ٹیمپو اور کئی سامان و لوگوں کو ساتھ رکھے تھے۔
شب برات مسلمانوں کے لئے انتہائی متبرک و اہم مانی جاتی ہے اس دن لوگ قبرستان جاتے ہیں اور اپنے مرحومین کو ایصال ثواب پہنچاتے ہیں قبروں کی زیارت کرتے ہیں لیکن گذشتہ سال لاک ڈاؤن کے سبب لوگ گھروں میں ہی مقید ہوکر رہ گئے لیکن امسال گائیڈ لائین کے تحت ہی صحیح لیکن قبرستانوں میں جانے کی اجازت ملنے سے یہاں زیادہ بھیڑ امڈنے کی توقع ہے ساتھ ہی اس متبرک موقع کی نسبت سے یہاں کی صاف صفائی، انتظامات کا جائزہ لینا بھی لازمی ہے جس کے تحت ممبرا کے تینوں قبرستان (درگار قبرستان ، امرت نگر، کوسہ قبرستان کوسہ، نیو قبرستان مولانا ابوالکام آزاد روڈ کوسہ) میں تھانے مونسپل کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر اشرف پٹھان(شانو) نے دورہ کرآ ج نماز فجر کے بعد سے ہی یہاں صاف صفائی شروع کروائی انھوں نے کہا کہ مقامی ایم ایل اے و کابینی وزیر ڈاکٹر جتیندر اوہاڈ کے حکم کے مطابق ان قبرستانون کو شب برات سے قبل صاف کرانا انتظامات کا جائزہ لینا تھا جس پر آج صبح سے ہم اپنے ساتھ 25 صفائی ملازمین 2 ڈمپر، 6 ٹیمپو لیکر یہاں داخل ہوئے اور سبھی کو تقریباً صاف کردیا گیا ہے شانو پٹھان نے بتایا کہ مزید کام آئندہ دو دنوں تک یعنی جمعہ و سنیچر کو بھی یہاں ہر قبرستان میں 6/6 صفائی ملازمین صفائی پر مامور رہیں گے ۔ ٹی ایم سی اپوزیشن لیڈر نے بتایا کہ کوسہ کے پرانے قبرستان سے 6 ڈمپر کچرا نکالا گیا ہے یہاں درخت وغیرہ کے سبب اور کافی دنوں سے بند ہونے کی وجہ سے بہت کچرا ہوگیا تھا اسی طرح باقی قبرستانوں سے بھی کافی کچرا نکالا گیا اور آئندہ دنوں میں بھی یہ کام جاری رہے گا ساتھ انھوں نے قبرستان میں آنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا مہاماری کے سبب دی گئی گائیڈ لائن پر عمل کریں قبرستان میں زیادہ بھیڑ نہ کریں، صفائی کا اہتمام رکھے ماسک لگا کر آنے کی بھی شانو پٹھان نے اپیل کی۔ اس موقع پر محشر شیخ، ثاقب داتے، رفیق شیخ ، سرفراز قاضی اور ٹی ایم سی کے صفائی ملازمین و اہلکاران موجود تھے۔