آفریدی کی پانچویں بیٹی کے نام کے لئے رائے طلب

نئی دہلی ، 15 فروری (یواین آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اپنے وقت کے سرکردہ کھلاڑی اور سیماب صفت سے معروف شاہد آفریدی نے اپنی نومولود پانچویں بیٹی کے نام کے لیے اپنے شائقین سے رائے مانگ لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے ہاں گذشتہ روز بیٹی کی پیدائش ہوئی اور اب انہوں نے اپنی بیٹی کے لیے مداحوں سے رائے مانگ لی ہے۔اس حوالے سے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ میری چاروں بیٹیوں کے نام ’اے‘ سے شروع ہوتے ہیں،اس لیے میری پانچویں بیٹی کے لیے کوئی نام تجویز کریں اس کا نام بھی ’اے‘ سے شروع ہونا چاہئیے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ جس بھی صارف کا نام میں منتخب کروں گا اُسے انعام دئیے جائے گا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی 4 بیٹیوں کے نام بھی شئیر کیے،ان کے نام اقصیٰ آفریدی ،انشاء آفریدی ،اجواءآفریدی اور اسمارا آفریدی ہیں۔
شاہد آفریدی نے سوشل میدیا پر اپنی بیٹیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں یہ خوشخبری اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ‘اللہ کی مجھ پر بے پناہ رحمتیں ہیں، چار بیٹیوں کے بعد اللہ نے مجھے پانچویں بیٹی سے نوازا ہے۔ میں اس کا بے حد شکر گزار ہوں ۔تصویر شیئر کرنے کے بعد شاہد آفریدی کے چاہنے والوں نے انہیں مبارکباد دینا شروع کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ مئی 2019 میں شاہد آفریدی کی سوانح حیات ’گیم چینجر‘ بھی سامنے آئی تھی۔اس کتاب کے ذریعے شاہد آفریدی نے واضح طور پر لکھا تھا کہ وہ اپنی کسی بیٹی کو کرکٹ یا کوئی دوسرا آوٹ ڈور گیم نہیں کھیلنے دیں گے۔

WARAQU-E-TAZA ONLINE

I am Editor of Urdu Daily Waraqu-E-Taza Nanded Maharashtra Having Experience of more than 20 years in journalism and news reporting. You can contact me via e-mail waraquetazadaily@yahoo.co.in or use facebook button to follow me