دوبئی، 14نومبر (یو این آئی) مشیل مارش (ناٹ آوٹ 77) اور ڈیوڈ وارنر (53) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو اتوار کو یکطرفہ انداز میں آٹھ وکٹ سے شکست دیکر پہلی بار ٹی۔20عالمی کپ کا چیمپئن بننے کا فخر حاصل کیا ہے۔نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی 85رن کی کپتانی اننگز سے ٹی۔20عالمی کپ کے فائنل میں اتوار کو 20اوور میں چار وکٹ پر 172رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا جبکہ آسٹریلیا نے 18.5اوور میں دو وکٹ پر 173رن بناکر خطاب اپنے نام کرلیا۔

آسٹریلیا ٹی۔20عالمی کپ کو جیتنے والی چھٹی ٹیم بنا ہے۔ نیوزی لینڈ کو 2019کے ون ڈے عالمی کپ کے فائنل میں انگلینڈ سے باونڈری کاونٹ بیک پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن کیوی ٹیم نے آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہندستان کو شکست دیکر خطاب جیتا۔ اب ٹی 20عالمی کپ کے فائنل میں اس کا پہلی بار چیمپئن بننے کا خواب آسٹریلیا نے توڑ دیا۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے اپنے کپتان آرون فنچ کو 15رن کے اسکور پر گنوا دیا۔ فنچ صرف پانچ رن ہی بنا سکے۔ لیکن اس کے بعد وارنر اور مارش نے دوسرے وکٹ کے لئے 92رن کی شراکت داری کرکے ٹیم کو جیت کی طرف گامزن کردیا۔وارنر 38گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53رن بناکر ٹیم کے 107کے اسکور پر آوٹ ہوئے۔ لیکن مارش نے گلین میکسویل کے ساتھ ٹیم کو جیت کی منزل تک پہنچا دیا۔

مارش نے پچاس گیندوں میں ناٹ آوٹ 77رن میں چھ چوکے اور چار چھکے لگائے جبکہ میکسویل نے 18گیندوں پر ناٹ آوٹ 28رن میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اس سے پہلے ٹاس گنوانے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے ولیمسن نے ایک سرے پر ٹکے رہ کر 48گیندوں پر دس چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 85رن کی بہترین اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کے مارلون سیموئلس کے 2016کے ٹی۔20عالمی کپ کے فائنل میں ناٹ آوٹ 85رن بنانے کے بہترین اسکور کی برابری کی۔کیوی کپتان نے پہلے دس اووروں میں 19گیندوں پر صرف 18رن بنائے لیکن اس کے بعد انہوں نے اپنے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 29گیندوں میں 67رن بناڈالے۔ولیمسن نے مشیل اسٹارک کے اننگز کے 16ویں اوور میں چار چوکے اور ایک چھکا لگاکر 22رن حاصل کئے۔ وہ چوتھے بلے باز کے طورپر 18ویں اوور کی پانچویں گیند پر جوش ہزلووڈ کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔ ہزلووڈ نے چار اوور میں صرف 16رن دیکر تین وکٹ حاصل کئے۔اوپنر مارٹن گپٹل نے 35گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 28رن، ڈیرل مشیل نے آٹھ گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے گیارہ رن، گلین فلپس نے 17گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 18رن، جیمس نیشم نے سات گیندوں میں ایک چھکے کے سہارے ناٹ آوٹ 13اور ٹم سفرٹ نے چھ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے ناٹ آوٹ آٹھ رن بنائے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔