چیف منسٹر پنجاب کی پوتری کی شادی تقریب میں فاروق عبداللہ کا رقص و سرور

چندی گڑھ : جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ نے چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ کی پوتری کی شادی میں بالی ووڈ کے قدیم گیتوں پر رقص کرتے ہوئے جھوم اُٹھے۔ ان کے گیت گانے اور رقص کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ ویڈیو میں فاروق عبداللہ کو 1968 ء کی بالی ووڈ کی فلم ’’برہمچاری‘‘ کے گیت ’’آج کل تیرے میرے پیار کے چرچے ہر زبان‘‘ گاتے ہوئے رقص کرتے دیکھا گیا۔ اپنے اندر شمی کپور کے تھرکتے ہوئے بدن کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاروق عبداللہ کو میزبان امریندر سنگھ کو بھی اپنے ساتھ رقص کرنے کے لئے کہتے ہوئے دیکھا گیا۔ جبکہ ویڈیو میں چیف منسٹر پنجاب کو بھی گیت گاتے سنا گیا۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو عام ہوتے ہی بعض شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ 83 سالہ کشمیری لیڈر کا دل اب بھی جوان معلوم ہوتا ہے۔ کانگریس لیڈر سرل پٹیل نے لکھا کہ کیپٹن امریندر سنگھ اور فاروق عبداللہ کا یہ ویڈیو اِس بات کا ثبوت ہے کہ محظوظ ہونے کے لئے عمر کوئی معنی نہیں رکھتی۔ امریندر سنگھ اور فاروق عبداللہ دونوں بھی حال ہی میں بڑے آپریشنوں سے گزرے ہیں۔ سیاست سے ہٹ کر یہ ویڈیو امریندر سنگھ اور فاروق عبداللہ کے لئے بالی ووڈ کے میلوڈیز پر اپنے جذبات کا اظہار تھا۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ اور فاروق عبداللہ کی دوستی دیرینہ ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لئے دعوت کا اہتمام کرتے ہیں۔


اپنی رائے یہاں لکھیں