آج دوسرا ٹی 20 ،ہندوستان واپسی کیلئے کوشاں

0 8

میلبورن۔22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہند۔آسٹریلیا آج دوسرا ٹی 20 کھیلا جائے گا جہاں ہندوستان کیلئے کامیابی ضروری ہے تاکہ سیریز میں خود کو برقرار رکھ سکے جیسا کہ آسٹریلیا نے3 ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہندوستان کو 4 رنزسے شکست دیکر3 میچوں کی سیریز میں 0۔1کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، بارش سے متاثرہ میچ کوفی کس17اوورز تک محدود کیا گیا تھا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے158رنز بنائے اور اسکے 4کھلاڑی آوٹ ہوئے۔ ہندوستانی ٹیم کو ڈک ورتھ لیوئس نظام کے تحت میچ میں کامیابی کیلئے 174رنز کا ہدف دیا لیکن مہمان ٹیم 7وکٹوں کے نقصان پر169رنز ہی بنا سکی۔ مارکوس اسٹوئنز نے آخری اوور میں نہ صرف ہندوستانی بیٹسمینوںکو 13 اسکور کرنے سے روکا بلکہ 2 وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ بھی پلٹ دیا۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے اوپنر شکھر دھون نے76رنز اسکور کرکے ہدف تک رسائی کی راہ ہموار کی تھی لیکن ان کے آوٹ ہونے کے بعد رنز کی رفتار سست ہوگئی، دنیش کارتک اور رشبھ پنت نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں میزبان بولرز کو بے بس کرتے ہوئے 51 رنز بنا کر میچ کو دلچسپ اور سنسنی خیز بنادیا تھا اور یوں محسوس ہورہا تھا کہ یہ دونوںٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیں گے لیکن اینڈریو ٹائے نے یہ شراکت توڑ دی اور پنت کو20کے انفرادی اسکور پر آوٹ کردیا۔ جیسن بہرنڈورف بہت شاندار کیچ پکڑ تے ہوئے آسٹریلیا کو میچ میں واپس لائے جس کے بعد آخری اوور میں اسٹوئنز نے پہلے کرونال پانڈیا اور پھر دنیش کارتک کو آوٹ کرکے آسٹریلیا کو فتح کے قریب پہنچادیا۔کلدیپ یادواوربھونیشورکمار وکٹ پر موجود تھے لیکن وہ باقی9 رنز پورے نہ کرسکے اور صرف5 رنز ہی بن سکے۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے 17اوورز میںگلین میکسویل کے 46 ،کرس لین کے37 اورماکوس اسٹوئنز کے33رنزکی بدولت 158رنز بنائے،17اوورکی پہلی گیند کے بعد بارش شروع ہو گئی اور دوبارہ کھیل شروع ہونے پر اوور ختم ہونے پر میچ کو بھی فی اننگز 17اوورز تک محدود کرکے ڈک ورتھ لوئس نظام کے تحت ہندوستان کو کامیابی کے لئے 174کا تبدیل شدہ ہدف دیا گیا تھا۔ آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ27 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ہندوستان کے جانب سے کلدیپ یادو نے2 جبکہ خلیل احمد اور بھونیشورکمار فی کس ایک وکٹ لے سکے۔ نشانہ کے تعاقب میں ہندوستان کی جانب سے شکھر دھون نمایاں رہے تاہم کپتان کوہلی سمیت ٹاپ آرڈرکا کوئی بیٹسمین اچھی بیٹنگ نہیں کر سکا۔ کارتک اور رشبھ پنت نے بالترتیب 30 اور 20رنزبنائے۔ ایڈم زامپا کو لوکیش راہول اور کوہلی کی اہم وکٹیں لینے پر مین آف میچ قرار دیا ۔