• 425
    Shares

بھوپال ، 20 ستمبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی لیڈراور مدھیہ پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی کی ایک ویڈیو آج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ریزرویشن اور بیوروکریسی کے بارے میں کھل کر بات کرتی نظر آرہی ہیں۔ریاستی کانگریس صدر کے میڈیا کوآرڈینیٹر نریندر سلوجا نے ٹویٹ کے ذریعے دو منٹ 20 سیکنڈ کے اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے بی جے پی قیادت سے یہ وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بیان سے اتفاق کرتے ہیں یا نہیں۔

مسٹر سلوجا نے ایک ٹویٹ کے ذریعے لکھا ہے، ‘اوما بھارتی جی کے بیباک بول – ریزرویشن کا کیا فائدہ، جب تک نجی شعبے میں نہیں ملے گا ..؟

خواتین کے ریزرویشن کے بارے میں خیالات، بیوروکریسی کی کیا حیثیت، نوکری تنخواہ ہم دیتے ہیں …؟ بی جے پی قیادت واضح کرے کہ وہ اس بیان سے اتفاق کرتی ہے یا نہیں …؟تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ محترمہ بھارتی کا یہ ویڈیو کتنا پرانا ہے اور کس جگہ کاہے۔

ویڈیو میں وہ ریزرویشن اور بیوروکریسی کے حوالے سے تبصرہ کرتی ہوئی سنی جارہی ہیں۔اس درمیان محترمہ بھارتی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ آج جھانسی سے ٹرین میں سوار ہو کر دہلی روانہ ہوئی ہیں۔ اس ویڈیو کے بارے میں پیرکی شام ساڑھے چاربجے تک محترمہ بھارتی کی طرف سے کوئی ٹویٹ یا ردعمل نہیں آیا ہے۔یواین آئی۔الف الف

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔