اورنگ آباد شہر واطراف سے بچہ چوری کی خبریں بے بنیاد سرپرستان افواہوں پر دھیان نہ دیں : پولس کمشنر

480

اورنگ آباد : اورنگ آبادسمیت جالنہ و دیگر شہروں اور مراٹھواڑہ کے مختلف اضلاع سے بچہ چوری کی خبریں سوشل میڈ یا پر گردش میں ہیں ۔اس ضمن میں سوشل میڈ یا پرمختلف ویڈیو اور تصاویر شیئر کی جارہی ہیں۔ جس کی تفصیلات میں بتایا جارہا ہے کہ جالنہ اور اورنگ آبادشہر ضلع سے اب تک کئی بچہ سرقہ ہو چکے ہیں ۔ اس لیے سر پرستان اپنے نونہالان کا خیال رکھیں اور انہیں اکیلے باہر کھیلنے یا کچھ خریدنے کیلئے روانہ نہ کریں ۔

اس ضمن میں سر پرستان میں تشویش کی لہر پائی جارہی تھی ۔اس سلسلہ میں روز نامہ ایشیا یکسپریس کے مدیر اعلی سید شارق نقشبندی نے پولس کمشنر ڈاکٹر نکھل گپتا سے گفتگو کی اور انہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر بھی دیکھائیں ۔

جس پر پولس کمشنر ڈاکٹر نکھل گپتا نے کہا کہ یہ ویڈیوز اور تصاویر بالکل جعلی اور فیک ہیں ۔ان کا حقیقت سے دور دور تک کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ یہ ویڈیوز اور تصاویر اورنگ آباداور جالنہ کی نہیں بلکہ ملک کے دیگر شہروں کی ہیں اور کافی پرانی ہیں۔

انہوں نے روزنامہ ایشیا ایکسپریس کے مدیر اعلی سید شارق نقشبندی اور ایشیا ایکسپریس کی معرفت سر پرستان اور شہریان سے اپیل کی کہ وہ ان افواہوں پر ہرگز دھیان نہ دیں ۔ پولس انتظامیہ شہر یان اور معصوم بچوں کی حفاظت کے لئے تیار ہے۔اس سلسلہ میں پولس کا گشت بڑھادیا گیا ہے۔ ہم شہریان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ امن وامان کی برقراری کے لئے پولس انتظامیہ سے تعاون کریں ۔( بشکریہ روزنامہ ایشیاء ایکسپریس اورنگ آباد )