اورنگ آباد اور عثمان آباد کے ناموں کی تبدیلی پر ہائی کورٹ نے حکومت سے یہ سوال پوچھے
ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے منگل کو مہاراشٹر حکومت سے یہ جاننا چاہا کہ کیا اسے ریاست کے اورنگ آباد اور عثمان آباد شہروں کے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے کوئی اعتراض یا تجاویز موصول ہوئی ہیں۔
قائم مقام چیف جسٹس ایس وی گنگاپور والا اور جسٹس سندیپ مارنے کی ڈویژن بنچ نے مرکزی حکومت کو یہ بھی بتانے کی ہدایت دی کہ آیا ریاستی حکومت نے نام کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی تجویز پیش کی ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے پوچھاسوال کہ کیا حکام نام کی تبدیلی کے حتمی عمل کو مکمل کیے بغیر سرکاری خط و کتابت میں نیا نام استعمال کر سکیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ چیف منسٹر ایکناتھ شندے کی قیادت میں مہاراشٹر کی کابینہ نے گزشتہ سال اورنگ آباد اور عثمان آباد کا نام بدل کر بالترتیب سمبھاجی نگر اور دھاراشیو رکھنے کی منظوری دی تھی۔اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں دو مفاد عامہ کی عرضیاں دائر کی گئیں۔