اورنگ آبادنام تبدیلی احتجاج:مراٹھواڑہ کی تمام سماجی، دینی وملی تنظیمیں،جماعتیں اپنے علاقوں سے احتجاج درج کرائیں
اورنگ آباد:کل جماعتی وفاق مسلم نمائندہ کونسل کے صدر سلیم صدیقی اور سیکریٹری جنرل محمد منتجب الدین شیخ نے مراٹھواڑہ کی تمام سماجی ،دینی وملّی تنظیموں جماعتوں سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ ۱۸؍مارچ ۲۰۲۳ء کو اپنے علاقوں میں ضلع کلکٹر اور تحصیل آفس میں اپنا احتجاج درج کرواکر ملی حمیت کاثبوت دیں اور حکومت کے زبردستی تھوپے گئے فیصلے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں تاکہ حکومت اپنے غیر دستوری فیصلہ پر نظرثانی کریں۔کونسل کے جانب سے کہا گیاہے کہ مرکزی و ریاستی حکومت نے شہر اورنگ آباد،اورنگ آباد تعلقہ، ضلع اورنگ آباد، سب ڈویژن اورنگ آباد،ڈویژن اورنگ آبادکا دہلی اور ممبئی میں بیٹھ کرمراٹھواڑہ کی عوام پر غلط فیصلہ تھوپا گیا۔
اس فیصلے پر عوام میں سخت ناراضگی ،غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ اس فیصلے کے خلاف ۴؍مارچ سے ضلع کلکٹر کے سامنے اورنگ آباد سنگھرش سمیتی کی جانب سے زنجیری ہڑتا ل جاری ہے اور ۹؍مارچ کو کینڈل مارچ نکالا گیا۔ ۱۰؍مارچ کو مسلم عوامی کمیٹی کی جانب سے شہر بند کا اعلان کیا گیا ۔کل جماعتی وفاق مسلم نمائندہ کونسل اورنگ آباد کی جانب سے شہر وتعلقہ جات میں چوراہوں ،نکڑوں اور کارنروں پر میٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان میٹنگوں میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان وبزرگ شرکت کررہے ہیں۔ عوام سے گذارش کی جارہی ہے کہ وہ تبدیلی نام مخالف ہر سرگرمی شرکت کریں۔
18؍مارچ 2023ء ،بروز سنیچر ،بوقت دوپہر2تا 5بجے تک مسلم نمائندہ کونسل کی جانب سے ڈویژنل کمشنر آفس کے روبرو ایک احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کونسل کے ذمہ داروں نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ 18؍مارچ کو اپنی تمام تر مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر اس احتجاجی دھرنے میں شامل ہوکر اپنا احتجاج درج کرائیں اور ملّی حمیت کا ثبوت دیں۔