سری نگر: جموں و کشمیر میں جموں ایئرفورس کے ٹیکنیکل حصے میں دو بم دھماکے ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا میں کچھ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ یہ دھماکے کسی ڈرون کے ذریعے کیے گئے ہیں تاہم انڈین فضائیہ نے اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا ہے۔

انڈین فضائیہ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس واقعے کی اطلاع دی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ‘اتوار کی صبح جموں ایئر فورس سٹیشن کے تکنیکی علاقے میں دو کم شدت والے دھماکے ہوئے۔ ایک دھماکے سے ایک عمارت کی چھت کو نقصان پہنچا جبکہ دوسرا کھلے حصے میں ہوا۔’

فضائیہ نے ایک دوسری ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس واقعے میں کسی سازوسامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور سویلین ایجنسیوں کے ہمراہ جانچ جاری ہے۔

دوسری جانب انڈین خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے کرنے کے لیے دو ڈرونز استعمال کیے گئے تھے۔ اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ اس حادثے میں دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

ایجنسی نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نائب ایئر چیف، ایئر مارشل ایچ ایس اروڑا سے بات کی ہے۔ ایئر مارشل وکرم سنگھ صورتحال کا جائزہ لینے جموں پہنچ رہے ہیں