انڈونیشیا: جاوا میں زلزلہ، 56 ہلاک اور سینکڑوں زخمی

انڈونیشیا کے سب سے بڑے جزیرے جاوا میں زلزلے میں کم از کم 56 افراد ہلاک اور سیکنڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پانچ اعشاریہ چھ کی شدت کے اس زلزلے کا مرکز سطح زمین سے محض دس کلومیٹر کی گہرائی پر تھا اور اس سے سب سے ز یادہ متاثر مغربی جاوا کا قصبہ سیانجور ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قصبے میں کچھ عمارتیں مکمل مسمار ہو گئی ہیں

سرکاری حکام نے خبردار کیا ہے کہ مزید جھٹکوں یا آفٹر شاکس کا امکان موجود ہے اور خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

جس مقام پر زلزہ آیا ہے وہ ناقص مکانات والا ایک گنجان آباد علاقہ ہے جہاں لینڈ سلائیڈِنگ یا زمین سرکنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

رضاکار ٹیمیں لوگوں کو علاقے سے نکالنے میں مدد کر رہی ہیں اور مقامی ذرائع کے مطابق اب تک ایک خاتون اور اس کے ننھے بچے کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔ مغربی جاوا کے گورنر رضوان کامل کے مطابق اب تک 56 افراد کی ہلاکت اور سات سو سے زیادہ کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کے چونکہ ’بہت سے لوگ‘ ابھی تک علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں‘ اور ایک مقام تک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے رسائی ممکن نہیں ہے، اس لیے خدشہ ہے کہ متاثرین کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے۔