Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

انتخاب میں اویسی اور بی جے پی اتحاد سے ہوشیار رہے بہار : دگ وجے سنگھ

پٹنہ 14 ستمبر ( یواین آئی ) کانگریس لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ نے بہار کی عوام کو رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم ) اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے اتحاد سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے آج کہاکہ انتخاب آتے ہی بی جے پی مسٹر اویسی کے ساتھ مل کر ریاست کی عوام کو ورغلانا شروع کردیتی ہے ۔مسٹر سنگھ نے کانگریس کی اسمبلی حلقہ وار آن لائن ریلی کرانتی مہا سمیلن میں سموار کو گوپال گنج اور سیوان ضلع کے کارکنان اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ناتھورام گوڈسے کے نظریات کے خلاف پورے ملک میں اپوزیشن کو متحد ہونا ہوگا۔سیکولر جماعتوں کو متحد ہوکر راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) اور گوڈسے کے نظریات کے خلاف لڑائی لڑنی ہوگی ۔

انہوں نے بہارکے وزیراعلیٰ اور جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ لوک نائک جے پرکاش نارائن کی تحریک کے اپنے ساتھی مسٹر لالو پرساد یادو کے ساتھ حکومت بنا کر ان کو بھی دھو کہ دیاہے ۔کانگریس لیڈر نے بہار کے لوگوں کو آگاہ کیاکہ انتخاب آتے ہی بی جے پی مسٹر اویسی کے ساتھ مل کر بہار میں لوگوں کو ورغلانے کاکام شروع کردیتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس کی ” نیائے یوجنا “ کے نافذ ہوئے بغیر ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی ہے ۔ اسے بلا تاخیر نافذ کرنے کی ضرورت ہے لیکن موجودہ حکومت کی پالیسیاں عوام مخالف ہیں ۔
سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سنیئر لیڈر شکیل احمد نے کہاکہ اس بار جب وزیراعظم نریندر مودی بہار آئیںگے تو ریاست کی عوام ان سے سوال کرے کہ گذشتہ پیکج کا کتنا پیسہ انہوںنے دیا ہے ۔ انہوںنے ہندوﺅں سے محبت کا دعویٰ بھرنے والی بی جے پی کے چھلاوے کو اجاگر کر کے بی ایس این ایل اور ایئر انڈیا کے بند ہونے سے بے روزگار ہونے والے لوگوں کے اعدادوشمار کو پیش کرتے ہوئے بتایاکہ سب سے زیادہ وہی کمیونیٹی متاثر ہورہی ہے جن کی محبت کا بی جے پی دکھاواکرر ہی ہے ۔ بہار کانگریس کے صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا نے بہار کے گنا کسانوں اور چینی ملوں کے بدتر حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ 80 کروڑ روپے آج بھی گوپال گنج کے کسانوں کا ڈوبا ہوا ہے ۔ گوپال گنج میں تعلیمی نظام بدحالی کا شکار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار خود کے منشور اور یقین دہانیوں کودیکھ کر سوچتے ہوںگے کہ وہ عوام سے کتنا جھوٹ بولتے ہیں۔