امریکہ کے بعد اب کینیڈا کی فضائی حدود میں مشکوک چیز، امریکی طیاروں نے مار گرایا
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے شمالی امریکہ کی فضائی حدود میں ایک اورمشتبہ چیزکو مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ’تازہ ترین مشتبہ شے نے کینیڈا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے اور اسے کینیڈا کی شمال مغربی حدود میں واقع یوکون پرمارگرایا گیا۔
جسٹن ٹروڈو کے مطابق کینیڈا اورامریکہ دونوں ملکوں کے طیارے اس نا معلوم شے کا پتہ لگانے کی کوشش کرتے رہے تاہم امریکی لڑاکا طیارے ایف 22 نے اسے ڈھونڈ نکالا۔
پچھلے ایک ہفتے کے دوران شمالی امریکہ میں مار گرائے جانے والی تیسری نامعلوم شے ہے۔امریکی فوج نے گذشتہ ہفتے اپنی سمندری حدود میں ایک چینی غبارے کو تباہ کر دیا تھا جبکہ دو روز قبل جمعے کو الاسکا سے ایک چھوٹی کار کے سائز کی ایک نامعلوم شے کو مار گرایا گیا تھا۔
کینیڈا وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نےگذشتہ روز تصدیق کی کہ انھوں نے اس مشتبہ چیزکوگرانے کا حکم دیا تھا اور امریکی صدر جوبائیڈن سے اس حوالے سے بات بھی کی تھی۔
انھوں نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’کینیڈین فورسز اب اس نامعلوم چیز کے ملبے کو تلاش کر کے اس کا تجزیہ کریں گی۔‘