امریکہ میں طوفان کےسبب لوگ گاڑیوں میں ہی مرنے لگے

350

نیویارک: امریکہ میں بم سائیکلون کی شدت کی وجہ سے لوگ گاڑیوں میں مرنے لگے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں ’بم سائیکلون‘ نامی موسم سرما کے بدترین برفانی طوفان کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔

یخ بستہ ہواؤں اور شدید برف باری کی وجہ سے امریکا میں بم سائیکلون نے نظام زندگی منجمد کر دیا ہے۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں اب تک 59 ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی ہے، نیویارک کے شہر بفیلو میں اب تک 28 اموات ہو چکی ہیں، اور پورا شہر مہلک طوفان کی زد میں ہے، ہر شے برف سے ڈھک چکی ہے۔
گورنر نیویارک نے شہر بھرمیں ایمرجنسی نافد کر دی، امریکہ بھر میں برفانی طوفان کی وجہ سے 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جب کہ ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم اتنا خطرناک ہے کہ باہر نکلنے پر صرف 10 منٹ کے اندر فراسٹ بائٹ ہو سکتی ہے۔

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو اور کیوبک بھی برفانی طوفان سے شدید متاثر ہیں، کیوبک سے ٹیکساس تک 17 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، جو کرسمس کا دن بجلی کے بغیر گزارنے پرمجبور رہے۔