امریکہ سے اغوا شدہ 4 ہند نژاد افراد کی لاشیں برآمد، مرنے والوں میں 8 ماہ کی بچی بھی شامل

750

کیلیفورنیا: امریکہ کے کیلیفورنیا میں اغوا ہونے والے ہند نژاد خاندان کے 4 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

مہلوکین میں ایک 8 ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔ مرسڈ کاؤنٹی کے شیرف ورن وارنیک نے بتایا کہ مقتولین کی لاشیں اسی علاقے سے برآمد کی گئی ہیں اور یہ واقعہ انتہائی خوفناک ہے۔

جن اغوا شدہ افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں ان میں 36 سالہ جسدیپ سنگھ، ان کی بیوی جسلین کور (27)، ان کی آٹھ ماہ کی بیٹی آروہی ڈھیری اور ایک 39 سالہ شخص امندیپ سنگھ شامل ہیں۔

امریکی حکام نے کہا تھا کہ چاروں افراد کو 3 اکتوبر کو ساؤتھ ہائی وے 59 کے 800 بلاک سے جبراً اغوا کیا گیا تھا۔

حکام نے کسی مشتبہ شخص کا نام نہیں لیا۔ معلومات کے مطابق متاثرہ خاندان کا امریکہ میں اپنا ٹرانسپورٹ کا کاروبار ہے اور یہ خاندان پنجاب کے ہوشیار پور ضلع کے ٹانڈہ کے ہرسی گاؤں کا رہنے والا ہے۔