امت شاہ کے جوتے اٹھا کر دوڑے تلنگانہ بی جے پی صدر، ویڈیو وائرل

تلنگانہ بی جے پی صدر بندی سنجے کمار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔اس ویڈیو میں وہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے جوتے اپنے ہاتھ میں لے کر دوڑتے اور پھر ان کے پیروں کے پاس رکھتے نظر آ رہے ہیں۔ بندی سنجے کمار رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، اس لیے ان کی اس ویڈیو پر لوگ طرح طرح کے تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو سکندر آباد واقع اجینی مہاکالی مندر کی ہے جہاں سنجے وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ باہر نکلے اور ان کے جوتے اٹھانے کے لیے دوڑے، اور پھر امت شاہ کے سامنے پہننے کے لیے رکھ دیئے۔ ریاست میں برسراقتدار تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) اور کانگریس پارٹی کے لیڈران نے بندی سنجے کو اس کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان لیڈروں نے سنجے کو دہلی اور گجرات کے لیڈروں کو ’غلام‘ قرار دیا اور تلنگانہ کے وقار کی حفاظت کرنے کی تلقین بھی کی۔