امارات کی یہود نوازی، جمعہ کی تعطیل ختم

0 2

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی تاریخ میں پہلی بار جمعہ کے روز سرکاری تعطیل ختم ہوگئی ،جس کے بعد جمعہ کے روز دفتری امور انجام دیے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق متحدہ عرب امارات نے جمعہ کی نماز کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی ہے،جس کے بعد سرکاری ملازمین نے 12بجے تک دفتری امور انجام دیے اور اس کے بعد جمعہ کی نماز پڑھی۔ ابوظبی حکومت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ صرف ریاست شارجہ نئے حکم سے مستثنیٰ ہوگی، جب کہ دیگر تمام ریاستوں میں نیا حکم نافذ ہوگا۔ وزارت برائے انسانی وسائل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سرکاری ملازمین کو زیادہ آرام اور سکون دینے کے لیے بنایا گیا۔ ہفتہ اور اتوار کے روز چھٹی سے ملازمین کے کام میں بہتری آئے گی اور وہ اپنے کام کو بہتر انداز میں انجام دے سکیں گے۔ ادھر شارجہ کی حکومت کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر پیر تا جمعرات کھلیں رہیں گے اور جمعہ ، ہفتہ ، اتوار سرکاری ملازمین کی چھٹی ہو گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے اسلام دشمن نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔