امارات: سیاحوں کیلئے 5 سال کیلئے ویزا کے اجرا کی نئی شرائط جاری

411

متحدہ عرب امارات نے دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے ایک نیا ملٹی انٹری ویزا دینے کی منظوری دے دی ، یہ ویزا پانچ سال کیلئے جاری کیا جائے گا۔اس ویزا کیلئے کسی کمپنی، ضامن اور میزبان کی طرف سے پیشگی دعوت کی شرط عائد نہیں کی گئی۔

ان شرائط کے ساتھ اس ویزا کا اجرا دو ہفتوں بعد شروع ہوجائےبالخصوص 3 اکتوبر سے نئی شرائط کے ساتھ ویزا کا اجرا شروع ہوجائے گا۔

ویزا کیلئے 15 ہزار درہم یا اس کے مساوی مالیت کی غیر ملکی کرنسی کی دستیابی اور ویزے کی قیمت، ہیلتھ انشورنس، پاسپورٹ کی ایک کاپی اور ایک رنگین تصویر ہونا ضروری ہے۔

اس ویزے سے امارات میں 90 دن تک قیام کی اجازت ملے گی اور اس میں توسیع بھی کرائی جا سکتی ہے۔ ویزے کے اجرا کے بعد سے 60 روز کے اندر یو اے ای میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

اس کے بعد مقررہ فیس ادا کرکے اسی مدت کی تجدید بھی کرائی جا سکتی ہے۔ امارات کی جانب سے یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ کہ سیاحتی ویزا کی درخواست دینے سے قبل اس بات کو یقینی بنا لیا جائے کہ درخواست گزار امارات پہنچ کر انٹری ویزا حاصل کرنے کی اہل قومتیوں میں شامل ہے یا ان قومیتوں میں شامل ہے جن کو داخلے کیلئے ویزا کی ضرورت ہی نہیں۔