
اتر پردیش: الٰہ آباد میں گئو کشی کے ملزم جسیم الدین عرف منا پولیس انکاؤنٹرمیں شدید طور سے زخمی ہو گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق جسیم الدین پر الہ آباد اور فتح پور کے پولیس تھانوں میں گئو کشی سمیت کئی سنگین معاملوں میں مقدمات درج ہیں ۔ ایس پی گنگا پار دھول جائسوال کے مطابق جسیم الدین سوراں علاقے میں کوئی سنگین واردات انجام دینے کے مقصد سے آیا تھا ۔ مخبروں کے ذریعے اطلاع ملنے پر پولیس فورس نے جسیم الدین کو چاروں طرف سے گھیر لیا ۔
پولیس کی طرف سے گھیرا بندی کئے جانے پر جسیم الدین کی طرف سے پولیس پر فائرنگ کی گئی ۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی ۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کئے جانے پر جسیم الدین شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔ جسیم الدین کے پیر وں میں کئی گولیاں لگی ہیں ۔ شدید طور سے زخمی حالت میں اس کو شہر کے سرکاری سروپ رانی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے ۔ پولیس طرف سے جسیم الدین عرف منا کو ایک شاطر مجرم قرار دیا جا رہا ہے جس پر مختلف پولیس تھانوں میں کئی سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں ۔
پولیس کے مطابق گئو کشی کے معاملے میں جسیم الدین کی کافی دنوں سے تلاش کی جا رہی تھی ۔ جسیم الدین گئو کشی کی وارادت انجام دینے کے بعد سے فرارچل رہا تھا ۔ پولیس نے جسیم الدین کے قبضے سے ایک پستول اور کارتوس بر آمد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
